URDUSKY || NETWORK

پی ایس ایل کا افتتاحی میچ، گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

35

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئئہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 26 رنز پر ہی اس کے 3 کھلاؤی پویلین کی راہ لے چکے تھے۔

گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان جیسن رائے کا اٹھانا پڑا جو اننگز کی دوسری ہی گیند میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

شین واٹسن اور احمد شہزاد نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن 20 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 15 رنز بنائے۔

احمد شہزاد بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 7 رنز بنانے والے بلے باز کا فہیم اشرف نے عمدہ کیچ لیا۔

اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان نے اسکور آگے بڑھایا اور اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو واپس میچ میں لے آئے، تاہم 88 کے مجموعے پر سرفراز احمد ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوکر پویلین لوغ گئے، انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری طرف اعظم خان نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔

تاہم 128 پر اعظم خان اور 130 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز کے آؤٹ ہونے کے بعد یونائیٹڈ کو ایک بار پھر فتح کی امید ملی۔

اس موقع پر سہیل خان اور بین کٹنگ نے ٹیم کو سہارا دیا اور 33 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، سہیل خان فتح سے محض 6 رنز کی دوری پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 169 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ 1 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی پہلی ہی گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے وکٹ حاصل کر لی۔

محمد نواز کی جانب سے کرائی گیند پر کولن منرو انہی کو واپس آسان کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان نے جارحانہ انداز اپنایا اور دوسری وکٹ کے لیے 37 رنز کی شراکت قائم کی۔

رونکی نے سہیل خان کو ایک اوور میں چھکا اور چوکا لگایا لیکن ایک اور چوکا لگانے کی کوشش میں وہ پوائنٹ پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

ڈیوڈ ملان اور حسین طلعت نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم 106 رن رنز کے مجموعے پر حسین طلعت 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کولن انگرام بھی ٹیم کے اسکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ کر پائے اور 6 کے انفرادی اسکور بین کٹنگ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیوڈ ملان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد بین کٹنگ نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی رنز بنانے کی رفتار بھی کم ہوئی اور ڈیوڈ ملان کے علاوہ کوئی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوا۔

آصف علی 19، کپتان شاداب خان 8، فہیم اشرف 20، عماد بٹ اور محمد موسیٰ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، بین کٹنگ 3، سہیل خان 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔

دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر لیگ کے 10 میچوں میں مدمقابل آچکی ہیں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، جیسن روئے، احمد شہزاد، شین واٹسن، عبدالناصر، محمد نواز، بین کٹنگ، اعظم خان، سہیل خان، محمد حسنین اور فواد احمد

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، لیوک رونکی، ڈیوڈ ملان، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، کولن انگرام، عماد بٹ، شاداب خان، عاکف جاوید اور محمد موسیٰ۔