URDUSKY || NETWORK

ناردرن کو شکست، سینٹرل پنجاب قائد اعظم ٹرافی کی نئی چیمپیئن

22

عمر اکمل کی ڈبل سنچری اور بلال آصف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب نے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کو اننگز اور 15رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن ناردرن نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 109رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 312رنز درکار تھے۔

حیدر علی اور فیضان ریاض نے پراعتماد میں دن کا آغاز کیا اور تیسری وکٹ کے لیے 70رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر بلال آصف نے فیضان کی 22رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود حیدر نے اپنی سنچری مکمل کی اور روہیل نذیر کے ساتھ مل کر اسکور کو 241تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر 134رنز کی اننگز کھیلنے والے بلے باز ہمت ہار گئے، ان کی اننگز میں 22 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد روہیل نذیر اور علی سرفراز نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور پانچویں وکٹ کے لیے 95رنز جوڑ کر اننگز کی شکست کے خطرے کو ٹالنے کی کوشش کی لیکن احسان عادل نے روہیل کی 70رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

علی سرفراز اور حماد اعظم نے مزید 64رنز جوڑ کر ٹیم کو 400 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ناردرن کی ٹیم باآسانی اننگز کی شکست سے بچنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن بلال کے تباہ کن اسپیل نے ان کے امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔

آف اسپنر کی عمدہ باؤلنگ کے سبب ناردرن کی ٹیم مزید 5 رنز کے اضافے سے چاروں وکٹیں گنوا کر 405رنز پر ڈھیر ہو گئی اور سینٹرل پنجاب نے میچ میں اننگز اور 16رنز سے کامیابی سمیٹ کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لی۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے بلال آصف نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 112 رنز کے عوض 8وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ ناردرن کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 254 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں عمر اکمل کی ڈبل سنچری کی بدولت سینٹرل پنجاب نے 675رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

ڈبل سنچری بنانے والے عمر اکمل اور 8وکٹیں لینے والے بلال آصف کو مشترکہ طور پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

38 وکٹوں کے ساتھ ساتھ ایونٹ میں 458 رنز بنانے پر ظفر گوہر کو قائد اعظم ٹرافی 2019 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔