’آفریدی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامناسب رویے سے دلبرداشتہ ہو کر کیا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ کرکٹ بورڈ میں اپنی کرکٹ جاری نہیں رکھ سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی غلط بات نہیں کی جس پر بورڈ نے انہیں کپتانی سے ہٹادیا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کے باوجود انہیں اس وجہ سے کپتانی سے ہٹادیا گیا تھا کہ انہوں نے وطن واپسی پر ٹیم منیجمنٹ سے اختلافات کے بارے میں میڈیا میں بات کی تھی۔شاہد آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیا تھا جس کا انہوں نے جواب بھی دے دیا تھا۔
شاہد آفریدی کو آئرلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں عام کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا گیا تھا جبکہ قیادت مصباح الحق کو سونپ دی گئی تھی ۔
آفریدی نے یہ کہہ کر کہ وہ اپنے بیمار والد کی تیمارداری کے سلسلے میں امریکہ میں ہیں آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں حصہ نہیں لیا تاہم ان کے نہ کھیلنے کی اصل وجہ کپتانی سے ہٹائے جانے پر ان کی ناراضی تھی۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے2006 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن گزشتہ سال انگلینڈ کے دورے میں وہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی بنائے گئے تھے تاہم آسٹریلیا کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی شکست کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
ان کا ٹیسٹ کیریئر صرف ستائیس ٹیسٹ میچوں پر محیط رہا جس میں انہوں نے پانچ سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے سترہ سو سولہ رنز بنائے اور اڑتالیس وکٹیں حاصل کیں۔
اکتیس سالہ شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بیٹنگ اور سپن بولنگ کے سبب ہمیشہ شائقین کے چند مقبول ترین کرکٹرز میں سے ایک رہے ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سنتیس گیندوں پر تیز ترین سنچری بنانے والے شاہد آفریدی نے تین سو پچیس ون ڈے میچوں میں چھ ہزار چھ سو پچانوے رنز بنائے جن میں چھ سنچریاں اور اکتیس نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے تین سو پندرہ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک سو سات کیچز بھی لیے۔
شاہد آفریدی نے تینتالیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ترپن وکٹیں حاصل کیں جو ابھی تک اس طرز کی کرکٹ میں کسی بھی بولرکی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔
اپنی جارحانہ طبعیت کے سبب وہ متعدد بار میدانوں میں کبھی تماشائی سے الجھے تو کبھی گوتم گمبھیر سے ، کبھی گیند چبانے اور کبھی پچ خراب کرنے کی پاداش میں پابندی اور جرمانے کی سزا بھگتاتے ہوئے دکھائی دیے۔
BBC Urdu