جرمن ٹینس ٹورنامنٹ: اعصام قریشی اور بوپنا کی جوڑی فاتح
ٹینس کے پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی اور بھارتی روہن بوپنا نے اے ٹی پی ٹورنامنٹ گیری ویبر اوپن کے ڈبلز کا فائنل جیت لیا ہے۔ یہ میچ اتوار کو جرمنی کے شہر ہالے میں کھیلا گیا۔
ان کھلاڑیوں نے فائنل میچ میں ہالینڈ اور کینیڈا کی جوڑی کو شکست دی۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے قریشی اور بوپنا کو ٹورنامنٹ سے قبل، ڈبلز کے لیے ٹاپ سیڈ یا فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔
ہالے میں کھیلے جانے والے اس ٹینس ٹونامنٹ میں بوپنا اور قریشی نے اپنا شاندار کھیل پیش نہیں کیا۔ وہ چار بریک پوائنٹ سے کوئی فائدہ اٹھانے سے قاصر رہے۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنے اعصاب پر کنٹرول رکھا اور حریف کھلاڑیوں کی غلطیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فائنل میچ میں کامیابی حاصل کی۔ بوپنا اور قریشی کے درمیان سوجھ بوجھ اور تال میل بہت زیادہ پایا جاتا ہے اور اسی باعث وہ ڈبلز میچوں میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے ہالینڈ اور کینیڈا کی جس جوڑی کو شکست دی، اس میں Milos Raonic اور Robin Haase شامل تھے۔ قریشی اور بوپنا نے فائنل میچ سات چھ اور چھ تین سے جیتا۔ اس برس شروع ہونے والے ٹینس سیزن میں بوپنا اور قریشی نے پہلے اے ٹی پی ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ جوڑی گیری ویبر اوپن میں کامیابی کے بعد اعصام الحق قریشی اور روہن بوپنا نے کہا کہ وہ لندن میں کھیلے جانے والے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن میں بلند حوصلے کے ساتھ شامل ہوں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جرمنی میں کامیابی سے وہ پر امید ہیں کہ ومبلڈن میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گے۔
وہ گیری ویبر اوپن سمیت اب تک کل نو اے ٹی پی ورلڈ ٹورز کے ڈبلز فائنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔ یہی جوڑی گزشتہ سال نیو یارک میں کھیلے جانے والے یو ایس اوپن کے فائنل میں بھی پہنچی ضرور تھی لیکن کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکی تھی۔
DW