URDUSKY || NETWORK

قومی کرکٹ ٹیم آج امارات روانہ، ڈسپلن توڑنے والے کو پہلی پرواز سے وطن بھیج دینگے،انتخاب

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈکے تلخ ترین دورے، اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ناخوشگوار یادیں بھلاکر نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ہفتے کی صبح لاہور سے دبئی روانہ ہو رہی ہے، جہاں اسے ابوظبی میں جنوبی افریقا کی سپر فٹ اور سخت ٹیم کا سامنا کرنا ہے۔ پی سی بی ڈسپلن پر بھرپور توجہ دے رہا ہے، منیجر انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں کو پہلی دستیاب پرواز سے وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔ محدود اوورزکے میچز میں ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کے سپرد ہے جبکہ ٹیسٹ میچز میں یہ فریضہ مصباح الحق ادا کریں گے۔ ٹیم میں تجربہ کار بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کی واپسی ہوئی ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ سیریز میں ان کی کارکردگی ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ یونس خاں کا کہنا ہے کہ بورڈ سے اختلافات ختم ہوچکے ہیں، توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔ منیجر انتخاب عالم کے مطابق کھلاڑیوں کوکرپشن سے دور رکھنے کے لیے مربوط اقدامات کرلیے گئے ہیں، ڈسپلن پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی17 رکنی ٹیم نے جنوبی افریقا کا سامنا کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔ دورے کا باقاعدہ آغاز26 اکتوبرکو ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اگلے دن27 اکتوبرکوکھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچزکھیلے جائیں گے۔کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر ہے، اگلے برس ورلڈکپ سے قبل یہ سیریز بہت اہم ہے۔ امید ہے کہ پلیئرز انگلینڈکے حالیہ دورے کی مشکلات بھلا کر میگا ایونٹ کے لیے خودکو تیار کریں گے، سیریز سے ہمارے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تو ٹیم اچھے نتائج حاصل کرسکتی ہے۔ شاہد آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکارکردیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں جن سے میں مثبت نتائج حاصل کرسکتا ہوں، پاکستانی اسپنرز سیریز میں اہم ہتھیار ہوں گے۔ جنوبی افریقا کے خلاف سیریزکے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان شاہد آفریدی کے علاوہ عمران فرحت، محمد حفیظ، یونس خان، شاہ زیب حسن، مصباح الحق، عمر اکمل، اسد شفیق، فواد عالم، عبدالرزاق، وہاب ریاض، عمرگل، سعید اجمل، عبدالرحمن، تنویر احمد، شعیب اختر اور وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر شامل ہیں۔