URDUSKY || NETWORK

ہیٹنگ کے لیے کوئلوں کا استعمال، بچوں کی نشو و نما پر منفی اثرات

111
heating-cool 

عام گھروں کو سردیوں میں گرم رکھنے کے لیے کوئلوں کے استعمال سے چھوٹے بچوں کی جسمانی نشو و نما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ایک نئی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کوئلے استعمال کرنے والے گھرانوں میں تین سال کی عمر تک کے بچے قد میں اپنے ہم عمر دوسرے بچوں کے مقابلے میں 1.3 سینٹی میٹر چھوٹے رہ گئے۔

امریکہ کی کیلی فورنیا یونیورسٹی کے ایک ماہر راکیش گھوش اور ان کے ساتھیوں کی ایک نئی ریسرچ کے مطابق ہیٹنگ کے لیے کوئلوں کے استعمال سے ایسے تین سال تک کی عمر کے بچوں کی جسمانی صحت کے علاوہ ان کا قد کاٹھ بھی متاثر ہوا۔ اس تحقیق کے نتائج ابھی حال ہی میں ایک طبی جریدے میں آن لائن شائع کیے گئے۔

چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں ایک طبی تحقیقی ادارے سے تعلق رکھنے والے محقق رادیم سرام کا کہنا ہے کہ جب ماں باپ اپنے گھر کو گرم رکھنے کے لیے ٹھوس ایندھن استعمال کرتے ہیں، تو ان کے بچوں کی صحت کو یقینی طور پر نقصان پہنچتا ہے۔

چیک جمہوریہ میں اس ریسرچ کے لیے رادیم سرام اور ان کے ایک ساتھی محقق میروسلاو ڈوسٹل نے دو مختلف بلدیاتی علاقوں میں دس سال سے بھی زیادہ عرصے تک 1133 بچوں کی صحت اور جسمانی نشو و نما کا قریبی مشاہدہ کیا۔ یہ بچے 1994 اور 1998 کے درمیانی عرصے میں پیدا ہوئے تھے۔

یہ ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ جو بچے اپنی پیدائش کے دن سے ہی کوئلوں والی ہیٹنگ کے ماحول میں پلے بڑھے، ان کی صحت پر کوئلے کے دھوئیں اور دیگر زہریلے مادوں کے منفی اور مضر صحت اثرات بہت نمایاں تھے۔

ماہرین کے بقول یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ کوئلوں کے ذریعے اسی ہیٹنگ نے ان بچوں کی صحت کو اس وقت بھی متاثر کیا جب ان کی مائیں حاملہ تھیں اور وہ ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے۔ اس کا ایک نتیجہ یہ بھی نکلا کہ پیدائش کے وقت ایسے بچوں کا جسمانی وزن دیگر بچوں سے کافی کم تھا۔heating-cool

چیک اور امریکی طبی ماہرین کے بقول ایسے بچوں میں سانس کی نالیوں، پھیپھڑوں اور دیگر جسمانی اعضاء میں پیدا ہونے والی اکثر بیماریوں کا باعث وہ زہریلی گیسیں بنیں جو کوئلوں کے جلنے سے پیدا ہوتی ہیں اور PAH کہلاتی ہیں۔ یہ گیسیں اس وقت انتہائی مضر ہوتی ہیں جب ان کے ساتھ پاؤڈر نما باریک ذرات بھی شامل ہوں، جو پھیپھڑوں میں داخل ہو جاتے ہیں

۔بشکریہ ڈی ڈبلیو دی