URDUSKY || NETWORK

سیلابی خطرے کے پیش نظر خیرپورناتھن شاہ کو خالی کرنے کی ہدایت

103

کراچی . . . دریائے سندھ کا سیلابی ریلا سندھ کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیتا ہوا بحیرہ عرب کی طرف بڑھ رہاہے۔سیلابی خطرے کے پیش نظر تحصیل خیرپورناتھن شاہ کو خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ سیلابی ریلا ضلع ٹھٹھہ کے علاقے جاتی میں داخل ہوگیا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی عمران لغاری نے کے مطابق سیلابی خطرے کے پیش نظر ضلع دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ کو خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ جبکہ لوگوں کو فوری طور پر نقل مکانی کرنے کا کہا گیا ہے۔دوسری جانب شہدادکوٹ سے آنے والاسیلابی ریلا خیرپورناتھن شاہ کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ایم این ی ڈرین میں پڑنے والے شگاف سے نکلنے والاسیلابی ریلا خانپوراور انڈس ہائی وے کی جانب بڑ رہاہے۔ خانپور سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔ٹھٹھہ کے ایم ایس بند میں پڑنے والے شگاف کے بعد سیلابی ریلا جاتی شہر میں داخل ہوگیا ہے،سجاول اورگردوونواح میں پانی کھڑا ہے۔سیلابی ریلے سے جاتی سجاول شاہراہ زیرآب آگئی ہے۔ سیلاب سے متعدد دیہات اور سجاول چوہڑ جمالی شاہراہ بھی زیرآب آگئی ہے۔جبکہ سجاول سے آنے والا سیلابی ریلے سے دیوان سٹی سے ملحقہ قصبہ بڈو ٹالپر بھی زیر آب آگیا ہے۔ضلع قمبر شہدادکوٹ کے علاقوں وارہ اورنصیرآباد کو سیلاب کاخطرہ برقرارہے اور گاجی کھاوڑ سے آنے والاسیلابی ریلا وارہ شہر سے ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکاہے۔شہر کو بچانے کے لئے میر واہ نہر کے پشتوں کو مضبوط کرنے کاکام تیزی سے جاری ہے دوسری جانب نصیرآباد شہر کو بھی سیلاب سے بچانے کے لئے حفاظتی بند تعمیرکیاجارہاہے۔