URDUSKY || NETWORK

زیادہ ٹی وی دیکھنا موت کی وجہ

165

ایک امریکی تحقیق کے مطابق ٹی وی کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے دل کی بیماریوں، ذیابیطس اور موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ایک امریکی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو افراد زیادہ ٹی وی دیکھتے ہیں ان میں ذیا بیطس، عارضہ قلب حتیٰ کے موت تک کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ روزانہ محض دو گھنٹے ٹی وی دیکھنے سے بھی صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔

تحقیقی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی شہری ہر روز عمومی طور پر پانچ گھنٹے ٹی وی کے سامنے گزارتے ہیں، جب کہ آسٹریلوی اور یورپی باشندے ساڑھے تین سے چار گھنٹے یومیہ ٹی وی دیکھتے ہیں۔

زیادہ ٹی وی دیکھنے سے ذیا بیطس اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

تحقیقی کمیٹی کے سربراہ فرانک ہو کا کہنا ہے کہ ان کا پیغام بالکل واضح ہے، ’ٹی وی دیکھنے میں کمی سے ذیا بیطس اور دل کی بیماریوں میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ جو لوگ ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں وہ نہ صرف یہ کہ کم ورزش کرتے ہیں بلکہ وہ مضر صحت غذا کا استعمال بھی زیادہ کرتے ہیں۔ ان سب چیزوں سے بیماریوں کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔‘

یہ اس نوعیت کی پہلی تحقیق نہیں ہے۔ زیادہ ٹی وی دیکھنے، موٹاپے اور فشار خون سے متعلق تحقیقیات بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں۔

مذکورہ تحقیق جرنل آف امیریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں چھپی ہے۔ اس تحقیق کے لیے سات سے دس سال تک دو لاکھ افراد کا مطالعہ کیا گیا۔ اس میں جن افراد کا مطالعہ کیا گیا وہ پہلے سے کسی بیماری کا  شکار نہیں تھے۔ تحقیق کے مطابق یہ بات تو درست ہے کہ ٹی وی دیکھنے سے خطرناک بیماریاں جنم لے سکتی ہیں تاہم یہ طے نہیں ہے کہ محض زیادہ ٹی وی دیکھنے ہی سے یہ بیماریاں ہوتی ہیں۔

DWD