URDUSKY || NETWORK

واٹس ایپ

103

واٹس ایپ میں رواں سال کی سب سے بڑی تبدیلی؟

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ سروس ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زائد ہے، مگر اس میں ایک بڑا مسئلہ درپیش ہوتا ہے۔

اور وہ ہے کہ واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنے موبائل فون کی لازمی ضرورت ہوتی ہے، یقیناً اس میسجنگ سروس میں ویب یا ڈیسک ٹاپ ایپ میں سائن ان کرکے مختلف فیچرز کو استعمال کیا جاسکتا ہے، مگر اس کے لیے بھی فون کو قریب رکھ کر انٹرنیٹ سے کنکٹ رکھنا پڑتا ہے اور ہاں ایک واٹس ایپ اکاﺅنٹ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر ہی کام کرتا ہے۔

تاہم اب یہ سب کچھ بدلنے والا ہے اور درحقیقت یہ رواں سال واٹس ایپ کی چند بڑی تبدیلیوں میں سے ایک ہوگی۔

واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔

اس پلیٹ فارم کی بدولت صارفین اپنے واٹس ایپ اکاﺅنٹ کو متعدد ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے اور اس طرح یہ سروس ایپل کے آئی میسج یا فیس بک میسنجر کی طرح کام کرنے لگے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا کیونکہ اس وقت واٹس ایپ کا ایک اہم سیکیورٹی فیچر میسجز کو فون نمبر سے جڑے رکھتا ہے اور صرف صارف کے فون پر ہی محفوظ کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈیسک ٹاپ اور ویب ایپس میں میسجز کے لیے فون کی موجودگی کی ضرورت پڑتی ہے۔

دوسری جانب واٹس ایپ کی جانب سے ویب ورژن کو بہتر بنانے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔

WABetaInfo کی ایک اور رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے یونیورسل ونڈو پلیٹ فارم ایپ ایپ کی تیاری کی جارہی ہے جس کے تحت فون آف ہونے پر بھی یہ سسٹم کام کرے گا۔

یعنی ویب ورژن استعمال کرتے ہوئے فون کو انٹرنیٹ سے کنکٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اور یہ بھی صارفین کے لیے بھی بڑی تبدیلی ہوگی کیونکہ صارفین اپنے پیاروں سے اس وقت بھی رابطے میں رہ سکیں گے جب ان کے پاس فون نہیں ہوگا، مگر کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے۔