مائیکروسافٹ سکائیپ کی’نئی مالک‘
مائیکروسافٹ نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ انٹرنیٹ ٹیلی فون سروس فراہم کرنے والی کمپنی سکائیپ خرید رہی ہے۔
مائیکروسافٹ سکائیپ کے لیے ساڑھے آٹھ ارب ڈالر ادا کرے گی اور یہ اب تک مائیکروسافٹ کی جانب سے کیا جانے والا سب سے مہنگا سودا ہے۔
لگزمبرگ کی کمپنی سکائیپ کی سروس سنہ 2003 میں شروع ہوئی تھی اور اس وقت دنیا بھر میں اس کے تقریباً چھیاسٹھ کروڑ صارفین ہیں۔
گزشتہ سال اگست کے مہینے میں سکائیٹ نے اپنے حصص بازار میں پیش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
انٹرنیٹ پر نیلامی کی ویب سائیٹ ای بے نے سن دو ہزار چھ میں سکائیپ کو دو اعشاریہ چھ ارب ڈالر میں خریدا تھا۔ ای بے نے دو ہزار نو میں سکائیپ کا ستر فیصد حصہ دو ارب ڈالر میں فروخت کر دیا تھا۔
سکائیپ اس وقت اکویٹی فرم سِلور لیک اور اور آندریسن ہورووِٹز اور دیگر سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کی ملکیت ہے۔
مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو سٹیو بالمر کا کہنا ہے کہ ’سکائیپ ایک شاندار سروس ہے جس کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ہم مل کر ریئل ٹائم رابطوں کا مستقبل بنا سکتے ہیں تاکہ لوگ دنیا میں کہیں بھی اپنے اہلِ خانہ، دوستوں، گاہکوں اور ساتھیوں سے رابطے میں رہ سکیں‘۔
سٹیو بالمر نے بتایا کہ اب سکائیپ مائیکروسافٹ میں ایک نئے ڈویژن کی شکل اختیار کر لے گا اور اس کے چیف ایگزیکٹو ٹونی بیٹس پہلے کی طرح اس کے روزمرہ امور کے نگران ہوں گے۔
BBC urdu