سونی کا نیا پلے سٹیشن ویٹا
سونی نے آئندہ نسل کے پورٹیبل پلے سٹیشن ’ویٹا‘ کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ای تھری ویڈیو گیمز شو کے دوران متعارف کرادیا ہے۔
اِس دستی ویڈیو گیم کا بے تابی سے انتظار کیا جارہا تھا۔ سونی کی اس نئی ایجاد میں جن چیزوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں ٹچ سکرین، آگے اور پیچھے کے لیے بھی ٹچ کنٹرول، وائی فائی اور تھری جی ڈیٹا شامل ہیں۔
یہ امریکہ، یورپ اور جاپان کے صارفین کے لیے اس سال کے آخر تک دستیاب ہوگا۔ ابتدائی طور پر امریکہ میں اس کی قیمت وائی فائی کے ساتھ دو سو انچاس ڈالر جبکہ تھری جی ڈیٹا کے ساتھ دو سو ننانوے ڈالر رکھی گئی ہے۔
سونی کو امید ہے کہ پلے سٹیشن ویٹا، اسے گیم کی مارکیٹ میں وہ مقام دلانے میں دوبارہ کامیاب ہوگا جو وہ موبائل فون کی مارکیٹ میں کھو چکا ہے۔
اس موقع پر سونی کمپنی میں امریکی ڈویژن کے سربراہ جیک ٹریٹن نے پلے سٹین نیٹ ورک پر سائبر حملوں کے لیے معذرت بھی کی۔ اس سال کے اوائل میں ہیکرز نے سات کروڑ ستّر لاکھ صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرلی تھی۔
ہیکرز نے سونی کمپنی کے ’پلے سٹیشن 3‘ کو ہیک کر کے اس کے سکیورٹی کوڈ کو عام کردیا تھا جس سے لاکھوں صارفین کی ذاتی تفصیلات چوری ہو گئی تھیں۔
لاس اینجلس کے کنونشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے جیک ٹریٹن نے سافٹ ویئر پبلشرز، ریٹیلرز اور کھیل کھیلنے والوں سے معذرت کی جن کا ڈیٹا ان کے بقول ہیکنگ کے دوران ہوسکتا ہے چوری کرلیا گیا ہو۔
BBC Urdu