اپیل کا آئی پیڈ اور میک بُک اب یکجا
اپیل کا آئی پیڈ اور میک بُک اب یکجا
ایپل نےنوٹ بُک کمپیوٹر ’میک بُک ایئر‘ کا آئی پیڈ کی خصوصیات پر مبنی نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔ اس لیپ ٹاپ کے دو نئے ماڈلز کی فروخت بدھ سے شروع ہو گئی ہے۔
اپیل کے سربراہ سٹیوجابز نےکہا، ’ہمارا خود سے سوال تھا کہ میک بُک اور آئی پیڈ کو یکجا کر دیا جائے تو کیسا رہے گا۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے۔‘
انہوں نے یہ کمپیوٹر بدھ کو ایک خصوصی تقریب کے موقع پر پیش کئے۔ یہ تقریب اپیل کے میک اِن ٹوش کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کی جدید ٹیکنالوجی کے نام کی گئی۔
تقریب انٹرنیٹ پر براہ راست نشر کی گئی، تاہم اسے صرف اپیل کی مصنوعات کے ذریعے ہی دیکھا جا سکتا تھا۔ اپیل کمپنی کی تاریخ میں ایسی تقریب کو براہ راست نشر کئے جانے کا یہ دوسرا موقع تھا۔
اس موقع پر جابز نے بتایا کہ میک بُک ایئر کے نئے ماڈلز کے پیچھے ’بیک ٹو دی میک‘ کا خیال تھا، جس کے لئے ان کی کمپنی نے آئی پیڈ ٹیبلٹ کمپیوٹر اور آئی فون کی کامیابیوں سے سیکھے گئے اسباق سے فائدہ اٹھایا۔
میک بُک ایئر کی سکرین کا سائز 13.3 انچ ہے جبکہ اس کے موٹے رُخ پر اس کی چوڑائی محض 0.68 انچ ہے۔ بدھ کو جاری کئے جانے والے اس کے دوسرے ماڈل کی سکرین کا سائز 11.6ہے۔ ان کی قیمت 999 ڈالر سے 1599ڈالر کے درمیان رکھی گئی ہے۔
لیپ ٹاپ کمپیوٹرز میں ہارڈ ڈرائیوز اور آپٹیکل ڈرائیوز کے بجائے سولِڈ سٹیٹ ڈرائیوز استعمال کی جاتی ہیں، جو جابز کے مطابق تیز ترین، ہلکی اور چھوٹی ہیں۔
ان نئے ماڈلز کے لئے تھرڈ پارٹی سوفٹ ویئر پروگرام میک ایپ سٹور پر تین ماہ میں دستیاب ہوں گے۔
اپیل کمپنی اپنے میک اِن ٹاش کمپیوٹرز میں ’فیس ٹائم‘ سافٹ ویئر بھی شامل کرنے جا رہی ہے، جس کا مقصد صارفین کو کمپیوٹر کے ذریعے آئی فون فور اور آئی پوڈ وغیرہ پر ویڈیوکال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ’فیس ٹائم‘ کا ’بی ٹا‘ ورژن بھی بدھ کو جاری کیا گیا ۔
جابز نے کہا، ’اب میک کے لاکھوں صارفین آئی پوڈ اور آئی فون کے ساتھ فیس ٹائم کو استعمال کر سکیں گے۔‘
اپیل نے حالیہ ختم ہونے والے اپنے مالی سال کے دوران سوا کروڑ سے زائد کمپیوٹر فروخت کئے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ دُنیا بھر میں اس کے 50 کروڑ کمپیوٹر زیر استعمال ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو دی