URDUSKY || NETWORK

کینسر کے خلاف سبزیاں اور پھل انتہائی اہم ہیں

75

کینسر کے خلاف سبزیاں اور پھل انتہائی اہم ہیں

سائنس و ٹیکنالوجی

ماہرین کا خیال ہے کہ پھل اور سبزیاں انسانی خوراک کا لازمی جز ہونی چاہئیں ان میں موجود وٹامنز اور معدنیات صحت مند رہنے اور بیماریوں سے بچاؤ کے لئے معاون ثابت ہوتی ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں میں موجود دوسرے اجزاء اینٹی آکسیڈنٹس، پیتھو کیکیکلز اور دیگر مرکبات کینسر، ذیابیطس اور دل کے امراض سے محفوظ رکھتے ہیں۔
سبزیوں اور پھلوں کی ڈھیروں اقسام موجود ہیں ماہرین کا اصرار ہے کہ روزانہ پانچ مختلف اقسام کی سبزیاں اور دو اقسام کے پھل انسانی خوراک کا حصہ ہونی چاہئیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ترقی پزیر ممالک کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ ممالک میں بھی کینسر کا ایک سبب سبزیوں اور پھلوں کا کم تر ہوتا استعمال ہے اور عموما لوگ سبزیوں اور پھلوں کے استعمال کو نظر انداز کرتے ہیں جو صحت کی خرابی کی ایک اہم وجہ ہے۔
اس حوالے سے ڈوئچے ویلے سے بات کرتے ہوئے شوکت خانم میموریل کیسنر ہسپتال اور تحقیقی مرکز کے وابستہ ڈاکٹر نتاشہ انور کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں تیز رفتار زندگی نے انسانی خوراک پر انتہائی منفی اثرات ڈالے ہیں اور لوگ خوراک کے معاملے میں ڈبہ بند خوراک پر انحصار کرنے لگے ہیں ۔ جس کے باعث زیادہ عرصے تک محفوظ رہنے والی خوراک استعمال کی جارہی ہے جس میں موجود کیمیکلز انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر نتاشا انور کا کہنا تھا کہ ایسی خوراک فطری خوراک کا نعم البدل ہر گز نہیں ہو سکتی۔
سبزیوں اور پھلوں کی کینسر کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے مسلسل تحقیق چل رہی ہے اور آئے روز اس حوالے سے تحقیقاتی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں ابھی حال ہی میں امریکی طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سرطان کے خاتمے کیلئے انگوروں کے بیجوں کا گودا نہایت کارآمد ثابت ہوا ہے۔
طبی ماہرین نے لیبارٹری میں تجربات کرتے ہوئے خون کے سرطان پر انگوروں کے بیجوں کے گودے کو آزمایا اور صرف24 گھنٹوں میں سرطان کے خلیوں کی 76 فیصد تعداد کو کم ہوتے دیکھا جبکہ خون کے اندر صحت مند خلیے اس سے محفوظ رہے۔
طبی ماہرین نے ان تجربات کے بعد امید ظاہر کی ہے کہ عالمی سطح پر اب خون کے سرطان کے علاج کی نئی دوا تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے قبل ”لاکومیا“ کے مریضوں کو کثرت سے انگور کھانے کی سفارش کی جاتی تھی جس کو بنیاد بناکر نئی تحقیق شروع کی گئی تھی۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ انگوروں کے بیجوں میں جسم سے فاسد مادے خارج کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے اور دل کو مضبوط بنانے کیلئے یہ ایک بہترین ٹانک ثابت ہوتے ہیں۔
ماہرین نے مزید کہا ہے کہ ان بیجوں میں جلد، چھاتی، مثانہ، پھیپھڑوں اور معدے کے سرطان کے خلاف بھی قوت دیکھی گئی ہے۔ چوہوں میں چھاتی اور جلد کے کینسر ٹیومر کا سائز ان بیجوں کے استعمال سے کم ہوگیا تھا۔ یہ تحقیق یونیورسٹی آف کینٹیکی کے پروفیسر زینگ لینگ شائی نے مکمل کی ہے۔
بشکریہ DWD