بالوں کی سفیدی جینیات کی وجہ سے ہوتی ہے
بالوں کی سفیدی جینیات کی وجہ سے ہوتی ہے
سائنس و ٹیکنالوجی
ایک تحقیق کے مطابق خواتین کے بال سفید ہونے کی وجہ انکے رہنے سہنے، کھانے پینے کے طریقے اور ذہنی پریشانی یا فکر سے زیادہ جینیات ہے۔پی ایل اوس نامی رسالے میں اس تحقیق کو شائع کیا گیا ہے جس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بال جھڑنے کا تعلق بھی جینیات سے ہے۔
سائنسدانوں نے ڈنمارک میں اٹھاون سے اکسٹھ سالہ دو سو سے زیادہ ہم شکل جڑواں بہنوں اور دو الگ الگ صورتوں کی جڑواں بہنوں پر تحقیق کی جس سے یہ بات سامنے آئی کہ ایک جین والی بہنوں کے بال سفید ہونےکے طریقے اور وقت میں زیادہ فرق نہیں تھا۔تحقیقات میں پایا گیا کہ جن الگ الگ صورتوں کی جڑواں بہنوں کے جین مختلف تھے ان کے بال بھی ایک ساتھ سفید نہیں ہوئے تھے۔
تحقیقات میں یہ پایا گیا ہے کہ سر کے اوپر سے بال جھڑنے کا سیدھا تعلق ماحولیات اور رہنے سہنے کے طریقے سے ہے۔برٹش ایسوسی ایشن آف ڈرماٹولجسٹ کی نینا گوڈ کا کہنا ہے کہ اسے سے پہلے بھی ان افراد پر تحقیق کی گئی ہے جن کے بال اپنے رشتے داروں سے پہلے سفید ہوگئے تھے لیکن اس کی وجہ ماحولیاتی اسباب تھے یا نہیں یہ پختہ طور پر نہیں پتا چل سکا ہے۔ انکا کہنا تھا ’اس کا مطلب یہ ہوا کہ بیشتر افراد جن کے بال سفید ہوجاتے ہیں اس کا تعلق ان کے رہنے کے طریقے سے زیادہ جینیات سے ہے جس پر کسی کا کوئی اختیار نہیں ہے.