URDUSKY || NETWORK

::::: میری سالگرہ پر پاک نیٹ کے چاہتوں ، محبتوں اور خلوص بھرے الفاظ کا شکریہ ::::

237

::::: میری سالگرہ پر پاک نیٹ کے چاہتوں ، محبتوں اور خلوص بھرے الفاظ کا شکریہ ::::

بیس نومبر میری سالگرہ دن ہے جسے آپ نے نہ صرف یاد رکھا بلکہ اپنے خلوص اور چاہت کا اظہار بھی کیا؛ بہت شکریہ آپ سب کی دلپذیر چاہتوں کا ، مجھے آپکے خلوص بھرے جذبے کے جواب میں لکھتے ہوئے اپنے پاس الفاظ کمی محسوس ہو رہی ہے ۔ پاک نیٹ جسے میں محبتیں بانٹنے کی جگہ سمجھتا ہوں اسکے مہمان، میزبان اور ممبران میرے لیے محترم ہیں، یہ آپ سب کی چاہت کا نتیجہ ہے کہ میرا قلم ، بلکہ کی بورڈ رقص میں رہتا ہوا نقش پا چھوڑتا جاتا ہے۔
زندگی نے میرے اوپر پہلا احسان یہ کیا کہ مجھے خود رو ڈگر سے ہٹا کر حقیقت پسندی پر مائل کیا جبکہ اس راہ پر چلتے ہوئے زندگی مجھے محبت کی سرسبز و شاداب وادیوں میں لے گئی ، جہاں لمحات خوبصورت ہوئے تو انکو محفوظ کرتا رہا ، زندگی نے دوسرا احسان میرے اوپر اس وقت کیا جب اسرارِ نفس کو مجھ پر آشکار کیا جبکہ تیسرا احسان کہ نسبت کا دیا جلایا اور میں لذتِ آشنائی سے ہمکنار ہوا۔
اب سارے احسانوں کا بدلہ تو چکا نہیں سکتا البتہ زندگی کو آشکار کرتے کرتے تحاریر کا ڈھیر لگتا رہا۔ اللہ کے فضل و کرم سے اور آپکی دعاؤں سے مجھ میں لکھنے کی لگن اپنے تسلسل میں ہے۔مجھے لکھنے کیلئے کسی خاص وقت ، کیفیت یا ماحول کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ
منعم بکوہ و دشت بیاباں غریب نیست
ہر جاہ کہ خیمہ زن بار گاہ ساخت
(منعم ایک بادشاہ تھا، اسکے بارے میں شاعر کہتا ہے کہ پہاڑ ، جنگل ، بیاباں میں بھی وہ غریب نہیں بلکہ جہاں چاہتا ہے قیام کرتا ہے اور اپنی بادشاہت سجا لیتا ہے)
سالگرہ کے موقع پر ا فراد اپنے رابطوں اور الفتوں کے چینل سے سگنل تلاش کرتے ہوئے اپنی خوبصورت یادوں کے جھروکے میں بھی جھانکنے کی کوشش کرتے ہیں جہاں کہ وصل کی مہک اور یادوں کی چاندنی راہ تک رہی ہوتی ہیں ۔
قدرت کے تمام تحفوں میں سے خوبصورت تحفہ پر خلوص دوست ہیں جو منزل تک پہنچنے میں رہبری کرتے اور الفتوں کی چھاوں بنے رہتے ہیں جبکہ انکا ساتھ کبھی بھی تکان کا احساس ہونے نہیں دیتا ۔ مجھے یہ لکھتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاک نیٹ پر مجھے ایسے ہی دوست ملے ہیں جو دکھ سکھ ، خوشیاں بانٹتے ہوئے فاصلے سمیٹ رہے ہیں۔

اجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہوجائے

پاک نیٹ کی طرف سے گوہر صاحب کو سالگرہ مبارک