پی ایس 11، لاڑکانہ ٹو میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ
پی ایس 11 لاڑکانہ ٹومیں ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ کا آغاز ہوگیا، پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو کا جی ڈی اے کے معظم علی خان میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس گیارہ لاڑکانہ میں انتخابی دنگل سج گیا،لاڑکانہ کی نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو اور جی ڈی اے کے معظم علی عباسی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے لیکن اسے کانٹے دار قرار دیا جارہا ہے۔پی ایس – 11 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کےلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 138 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 20 کو انتہائی حساس ، 50 کو حساس اور 68 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔انتہائی حساس اور حساس قرار دیے جانے والے پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ضمنی انتخاب میں سیکورٹی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فوج، رینجرز اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے انتخابی حلقے میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی انتخابی حلقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ دوران پولنگ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر لاڑکانہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران تمام پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔ لاڑکانہ پی ایس-11 میں رجسٹرڈ رائے دہندگان (ووٹرز) کی کل تعداد 152614 ہے۔ کل رائے دہندگان میں سے رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 83016 ہے جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 69598 بتائی گئی ہے۔یاد رہے جی ڈی اے کے معظم علی عباسی کی جانب سے اثاثے چھپانے پر سیٹ خالی ہوئی تھی۔