"ڈونلڈ ٹرمپ جنگ پر یقین نہیں رکھتے ، حسن روحانی کا بھی خیال ہے کہ دونوں ممالک جنگ پر یقین نہیں رکھتے "
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جنگ پر یقین نہیں رکھتے جب کہ حسن روحانی کا بھی خیال ہے کہ ایران و امریکا دونوں جنگ نہیں چاہتے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنگ پر یقین نہیں رکھتے اور انہوں نے مجھ سے ملاقات میں درخواست کی کہ ہم امریکا اور ایران کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کریں، امریکی عوام ٹرمپ پر تنقید کرتے رہتے ہیں مگر مجھے ٹرمپ کی یہ بات پسند ہے کہ وہ جنگ پر یقین نہیں رکھتے۔عمران خان نے کہا کہ دورہ ایران میں صدر حسن روحانی سے امریکا ایران کشیدگی کم کرنے پر بات ہوئی اور حسن روحانی کا خیال ہے کہ دونوں ملک بات چیت سے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، دونوں کے درمیان تعلقات میں پیچیدگیاں تو ہیں لیکن دونوں ممالک کی قیادت حالات کو سمجھ رہی ہے تاہم ایران امریکا کے معاملے پر مزید کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔