URDUSKY || NETWORK

سندھ ہاؤس اسلام آباد میں 24 ایم این ایز موجود ہیں، راجہ ریاض کا انکشاف

تحریک انصاف کے 4 باغی ایم این ایز سندھ ہاؤس میں موجود ہیں ، جن میں راجہ ریاض، باسط سلطان بخاری، نواب شیر وسیر، نور عالم خان منظر عام پر آگئے۔

37

راجا ریاض نے کہا کہ ہمارے ساتھ پی ٹی آئی کے 12 نہیں بلکہ 24ایم این ایز ہیں، ایم این ایز کی تعداد سے متعلق پرویز الہٰی کی معلومات درست نہیں ہیں، مزید ایم این ایز آنے کو تیار ہیں لیکن ن لیگ انہیں ایڈجسٹ نہیں کر پارہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا ہے، ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے، خان صاحب سے اختلاف ہے اس لیے ہم نے ضمیر کےمطابق فیصلہ کیا ہے۔

راجا ریاض نے کہا کہ خان صاحب گارنٹی دیں ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنے والے پر پولیس حملہ نہیں ہوگا، تو ہم پارلیمنٹ لاجز منتقل ہوجائیں گے۔

اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ یہاں 24 ایم این ایز موجود ہیں

جیو نیوز کے اینکر حامد میر سے سندھ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے انکشاف کیا کہ پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے خدشے کے پیش نظر وہ لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں حامد میر نے بتایا کہ انہوں نے وہاں موجود پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو گنا تو وہ 20 تھے تاہم باقی اور لوگ بھی موجود ہوسکتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر نے کہا کہ فواد چوہدری کو جپھی ڈال کر پارلیمنٹ میں جائیں گے، اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے۔

نواب شیر وسیر  نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کے واقعے کی وجہ سے ہم سندھ ہاؤس منتقل ہوئے، ہمیں فواد چوہدری سے پوچھنےکی ضرورت نہیں، وہ ہمارے برخور دار ہیں، یہ بڑھکیں ہیں،وہ ہمیں گدھے، گھوڑے، خچر کہیں تو بھلائی کی کیا توقع کریں۔

نواب شیر وسیر نے کہا کہ سیاستدان کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔

نور عالم خان نے کہا کہ عمران خان کی  20کروڑ والی بات پر افسوس ہوا، جبکہ باسط سلطان بخاری  نے کہا کہ وفاقی وزراء ہم پر تہمت لگا رہے ہیں۔

بشکریہ: جنگ، سوشل میڈیا