کراچی … کراچی کے رمی کلب میں دھماکے کے نتیجے میں 18افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔ انویسٹی گیشن پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا دو کلو وزنی ٹائمر بم سے کیا گیا۔ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں گھاس منڈی کے قریب واقع رمی کلب میں جمعرات کی شب ساڑھے نو بجے کے قریب خوف ناک بم دھماکا ہوا۔ جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ آنکھوں کے آگے اندھیرا چھاگیا اور کلب کی بجلی معطل ہو گئی۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی راجہ عمر خطاب نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دھماکا دو کلو وزنی ٹائمر ڈیوائس بم کے ذریعے کیا گیا جوبڑی میز کے نیچے رکھا گیاتھا۔پولیس سرجن ڈاکٹر حامد کے مطابق16 افراد کی لاشیں اور32زخمیوں کو سول اسپتال جبکہ دیگر زخمیوں کو جناح اسپتال اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیاہے۔وزیر اطلاعت سندھ شرجیل میمن نے سول اسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سی سی پی او کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔دوسری جانب سی پی ایل سی اعداد و شمار کے مطابق اس علاقے میں جوئے خانوں کی سرپرستی پولیس افسران کر رہے ہیں اورمختلف واقعات کی علاقہ مکین آئے دن رپورٹ کرواتے رہتے ہیں۔