URDUSKY || NETWORK

نوازشریف نے امریکی سفیر کو پی پی کے ساتھ کام کرنے کا یقین دلایاتھا‘

87

’نوازشریف نے امریکی سفیر کو پی پی کے ساتھ کام کرنے کا یقین دلایاتھا‘
Updated at 1215 PST
اسلام آباد…وکی لیکس کی جاریکردہ خفیہ دستاویزسے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ امریکا چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کی بحالی نہیں چاہتا تھا۔ یہ بات نواز شریف اور اس وقت کی امریکی سفیر کے درمیان ملاقات میں زیر بحث آئی ۔ نواز شریف نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ انتخابات کے بعد مخلوط حکومت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں ۔ نواز شریف اور امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کی ملاقات 31 جنوری2008 کو اسلام آباد میں ہوئی جس میں چوہدری نثار بھی موجود تھے ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ18 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن نے حکومت بنائی تو اس کا مقصد معزول ججوں اور امن و امان کی بحالی ہوگا ۔ امریکی سفیر نے کہا کہ کچھ معزول ججوں کو بحال کیا جاسکتا ہے لیکن چیف جسٹس کو نہیں ۔ اس پر نواز شریف نے اصرار کیا کہ چیف جسٹس کی بحالی کے بغیر دیگر ججوں کو بحال کرنا بے معنی ہوگا ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد مخلوط حکومت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کرکام کرنے کو تیار ہیں ۔ دونوں جماعتوں کے اتحاد کو عملی شکل دی جاسکے تو یہ ایک بہترین چیز ہوگی۔ دونوں جماعتیں سندھ یا پنجاب کی حکومتوں میں بھی مل کر کام کرسکتی ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ صدر مشرف سے ان کی کوئی دشمنی نہیں ہے لیکن اس کے ساتھ انہوں نے1999 کی فوجی بغاوت کے بعد اپنے ساتھ کی جانے والی بدسلوکیوں کا تفصیل سے ذکر کیا ۔ملاقات کے دوران نواز شریف اور چوہدری نثار نے کئی مرتبہ یہ بات کہی کہ مسلم لیگ ن امریکا نواز ہے ۔ نواز شریف نے امریکی سفیر کو یاد دلایا کہ انہوں نے اپنے چیف آف آرمی اسٹاف کی بات رد کرتے ہوئے خلیج کی پہلی جنگ میں امریکی اتحادی فوج کی حمایت میں پاکستانی فورسز کو سعودی عرب میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنوں نے مظاہرے کئے ۔ نواز شریف نے کہا انہیں دکھ ہے کہ امریکا نے اس بات کو یاد نہیں رکھا ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے حال ہی میں جو بہترین کام کیا ہے وہ چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پر جنرل کیانی کی نامزدگی کا انتظام کرنا ہے ۔ مراسلے کے اختتام پر امریکی سفیر نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ایک سابق وزیر اعظم کا اس بات پر یقین کہ امریکا پاکستانی آرمی چیف کی تعیناتی کو کنٹرول کر سکتا ہے پاکستان میں امریکی اثر و رسوخ کی افسانوی باتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

بشکریہ جنگ