ہنگو : سرچ آپریشن، 28افراد گرفتار، بنوں میں دو اسکول تباہ کردیئے گئے
ہنگو . . . ہنگو میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران28 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ جبکہ بنوں میں شدت پسندوں نے دو اسکولوں اور سی ڈی شاپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ڈی پی او ہنگو رشید خان کے مطابق بگٹوکے علاقے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران28شدت پسندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا،جبکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔درہ آدم خیل کے علاقے اخوروال میں سکیورٹی فورسز نے ایک مقامی مدرسے کے قریب نصب آٹھ کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا۔ پولیس کے مطابق بنوں کے تھانہ مندان کی حدود میں شدت پسندوں نے دو اسکولوں جبکہ تھانہ صدر کی حدود میں ایک سی ڈی شاپ کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا،تاہم تینوں دھماکوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
شکریہ جنگ