کیرئیر کے آغاز میں بھاری جسامت کی خوبرو
معروف امریکی ماڈل و اداکارہ 27 سالہ کیٹ اپٹن نے انکشاف کیا ہے کہ 8 سال قبل جب انہوں نے کیریئر کا آغاز کیا تو جہاں ان کی خوبصورتی کی تعریف کی گئی، وہیں انہیں بھاری جسامت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
کیٹ اپٹن نے 2011 میں امریکی میگزین ’اسپورٹس الیوسٹریٹڈ سوم سوٹ‘ کے سرورق کی زینت بننے سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
کیٹ اپٹن جب پہلی مرتبہ کسی معروف میگزین کے سرورق کی زینت بنیں تو ان کی عمر محض 21 برس تھی اور اس وقت انہیں ’خوبرو فربہ لڑکی‘ کے نام سے پکارا جانے لگا۔
بعد ازاں کیٹ اپٹن نے اداکاری کی شروعات بھی کیں اور اسی سال امریکی فلم ’ٹاور ہیسٹ‘ میں مختصر کردار میں نظر آنے کے بعد اگلے سال ’دی تھری اسٹوجس‘ میں نظر آئیں۔
کیٹ اپٹن نے اب تک نصف درجن سے زائد فلموں اور ایک درجن سے زائد ٹی وی ڈراموں میں جلوے دکھائے ہیں اور وہ متعدد عالمی شہرت یافتہ فیشن میگزین کے سرورق کی زینت بن چکی ہیں۔
2017 میں امریکی بیس بالر جسٹن ورلنڈر سے شادی کرنے والی کیٹ اپٹن کو متناسب جسامت کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے، تاہم انہیں کچھ مخصوص افراد کی جانب سے بھاری وزن کی خاتون بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔
امریکی میگزین ’ہیلتھ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کیٹ اپٹن نے بتایا کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں جہاں بھاری جسامت کی خاتون قرار دیا گیا، وہیں ساتھ ہی انہیں خوبصورت بھی کہا گیا۔
کیٹ اپٹن کے مطابق اگرچہ ان کا وزن اتنا زیادہ نہیں تھا اور انہیں متناسب جسامت کی خاتون قرار دیا جاتا تھا، تاہم پھر بھی بعض افراد نے انہیں فربہ خاتون کہا اور ساتھ ہی ان کی خوبصورتی کی تعریف بھی کی۔
کیٹ اپٹن کے مطابق بعض مرتبہ انہیں ان کے لباس پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور انہیں مشورہ دیا جاتا تھا کہ وہ جینز کی پینٹ نہ پہنیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ لوگوں کے ایسے رویے پر انہیں مایوسی بھی ہوتی تھی لیکن انہوں نے کبھی بھی ہمت نہیں ہاری اور کبھی بھی خود کو تنقید کی وجہ سے بدلنے کی کوشش نہیں کی۔
کیٹ اپٹن نے خواتین اور خصوصی طور پر نئی لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی کی بھی بے جا تنقید پر پریشان ہونے کے بجائے ہر حال میں اپنی جسامت اور فٹنیس پر خوش رہیں۔
ماڈل کے مطابق انہیں مشورہ دیا جاتا تھا کہ وہ انتہائی دبلی پتلی ماڈلز کی طرح اپنا وزن کم کریں۔
کیٹ اپٹن کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں وزن کم کرنے کے مشورے کچھ مایوس کرتے تھے، تاہم پھر بھی انہوں نے کبھی بھی کسی کے مشورے پر اپنا وزن کم نہیں کیا اور نہ ہی اپنا موازنہ کسی دبلی پتلی ماڈل سے کیا۔
کیٹ اپٹن کے مطابق انہیں اپنے وزن اور جسامت پر اطمینان تھا اور وہ انتہائی خوش تھیں، اس لیے انہوں نے اپنی صحت پر توجہ دی لیکن اپنے وزن کم کرنے کے لیے محنت نہیں کی۔
خیال رہے کہ کیٹ اپٹن نے اپنی متناسب جسامت کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کی اور اب تک چار مرتبہ ’اسپورٹس الیوسٹریٹڈ سوم سوٹ‘ کے سرورق کی زینت بن چکی ہیں۔
علاوہ ازیں وہ ’ووگ‘ سمیت دیگر فیشن میگزین اور اب ’ہیلتھ‘ میگزین کے سرورق کی زینت بنی ہیں۔
’ہیلتھ‘ میگزین نے بھی انہیں ان کی جسمانی ساخت کی وجہ سے سرروق کی زینت بنایا ہے، کیوں کہ وہ جسمانی لحاظ سے نہ تو انتہائی دبلی ہیں اور نہ ہی کا وزن ضرورت سے زیادہ ہے۔
متناسب جسامت کے ساتھ ساتھ کیٹ اپٹن کو ان کی خوبصورتی کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے اور انہیں ’خوبرو فربہ ماڈل‘ بھی کہا جاتا ہے۔