URDUSKY || NETWORK

کوٹری پر6 لاکھ 58ہزارکیوسک کاسیلابی ریلا، سندھ میں سیلابی ریلے سے سیکڑوں دیہات تباہ

89

کوٹری پر6 لاکھ 58ہزارکیوسک کاسیلابی ریلا،
سندھ میں سیلابی ریلے سے سیکڑوں دیہات تباہ

کراچی . . . سندھ میں گڑھی خیرو سے آنے والا سیلابی ریلا سجاول جونیجو اور شہداد کوٹ کے5 سو دیہات کو تباہ کرتا ہوا کچی پل سے ایف پی حفاظتی بند کی جانب بڑھ رہا ہے۔شہداد کوٹ، قبو سعید خان ،میروخان اور سجاول جونیجو شہروں کوخالی کرالیا گیا ہے۔سجاول جونیجو ،گڑھی خیرو اور شہداد کوٹ گڑھی خیرو کی سڑکوں پرمجموعی طور پر10 مقامات پر کٹ لگاکر سیلابی پانی کا رخ قبوسعید خان کی جانب موڑدیا گیا ہے جس سے فوری طورپرشہداد کوٹ، میرو خان اور سجاول جونیجو کو درپیش خطرہ کم ہوگیا ہے تاہم سیلاب کے پیش نظر مقامی لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ سیلابی ریلاکچی پل تک پہنچ چکا ہے جس سے مزید تین سو دیہات زیرآب اورتیار فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ٹھٹھہ سے گزرنے والے سیلابی ریلے سے سورجانی بند کے قریب تین دیہات اور فصلیں زیر آب آگئیں۔ سیلابی ریلے نے سورجانی ،منارکی اور سونڈاہلایا بند کے حساس مقامات پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے۔خیرپورمیں حفاظتی بندوں پرسیلابی ریلوں کا دباؤ برقرار ہے۔نواب شاہ کے قریب دریائے سندھ میں مڈ منگلی ، میکاروڈھورو ،بچل پور، قاضی احمد اور دولت پور کے حفاظتی بندوں سے بعض مقامات پر پانی کارساؤ جاری ہے۔