پی آئی اے انتظامیہ کے حامیوں اور پولیس کا احتجاجی ملازمین پرحملہ
Updated at 1810 PST
کراچی…کراچی ائیرپورٹ پر جمعرات کی شام اس وقت ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی جب احتجاجی پی آئی اے ملازمین پر ائیرلائن انتظامیہ کے حامی افراد نے حملہ کردیا اور ملازمین پر تشدد کیا۔اس موقع پر پولیس نے بھی حملہ آور گروپ کے ساتھ مل کر ملازمین پر لاٹھی چارج کیا،ادھر جیو نیوز کے نمائندے طارق ابوالحسن کے مطابق ائیرپورٹ پر عجیب و غریب صورتحال ہے، کئی مسافر زخمی ہوگئے ہیں، اور پولیس نے احتجاج کرنے والے متعدد ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے،انھوں نے کہا کہ لاٹھی چارج کے باعث کئی ملازمین زخمی ہوگئے ہیں۔متعدد جگہوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے بجائے انتظامیہ کے حامیوں کی مدد کی اور ملازمین کو وہاں سے نکالنے کے لیے اس حملے کو استعمال کیا۔اس موقع پر پولیس نے اچانک حملے سے بدحواس ملازمین کو صرف دس منٹ کا وقت دیا کہ وہ وہاں سے نکل جائیں اور پھر حملہ آوروں کے ساتھ ملکر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ملازمین اور مسافروں کو مارکر بھگانا شروع کردی۔پولیس نے اس موقع پراحتجاج کرنے والے ملازمین کے رہنماؤ ں کو گرفتار کرلیا۔