URDUSKY || NETWORK

مصر میں حکومت کے خلاف مظاہروں میں شدید اضافہ

54

مصر کے صدر حسنی مبارک کی برطرفی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین نے قاہرہ کے التحریر اسکوائر اور پارلیمان کی عمارت کے باہر احتجاج کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رکھا جب کہ حزب اختلاف نے ملک کے دوسرے شہروں میں ملازمت پیشہ افراد کی مدد سے ایسے اقدامات بھی شروع کر دیے ہیں جن سے سیاحت، صنعت، ریل کا نظام اور حکومت کا کام متاثر کیا جاسکے۔حکومت مخالف مظاہرین صدر مبارک کے 30 سالہ اقتدار کے خاتمے کے علاوہ گذشتہ سال کے آخر میں مبینہ طور پر متنازع انتخابات میں منتخب ہونے والے اراکین پارلیمان سے استعفوں کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
egypt-protests
مصر کے نائب صدر عمر سلیمان نے کہا ہے کہ حکومت التحریر اسکوائر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ زیادہ عرصے تک برداشت نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے مظاہرین کو متنبہ کیا کہ وہ مزید سول نافرمانی کے مرتکب نہ ہوں کیوں کہ یہ اُن کے لیے ’انتہائی خطرناک‘ ثابت ہوگا۔مظاہروں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ جمعہ کو ہونے والے بڑے احتجاج کے دوران سرکاری ریڈیو اور ٹی وی کے دفاتر کی طرف جلوس بھی نکالیں گے۔

گذشتہ ماہ شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد سے قاہرہ کا مرکزی التحریر اسکوائر ایک خیمہ بستی میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں طبی سہولتیں، ریڈیو اسٹیشن اور خطاب کے لیے چبوتروں کے علاوہ موبائل فون کی بیٹریاں چارج کرنے ک انتظامات بھی موجود ہیں۔صدر مبارک کی طرف سے تشکیل دی گئی ججوں اور قانونی ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے ایک روز قبل چھ آئینی ترامیم پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کی مزید شقوں میں بھی تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

بشکریہ VOA