واشنگٹن. . … . . .. عالمی رہنماؤں نے حسنی مبارک کے خطاب کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ مصری صدر عوام کے مطالبات پر توجہ دیں ۔ امریکی صدر بارک اوباما نے حسنی مبارک کے خطاب کے بعد اپنی نیشنل سیکیورٹی ٹیم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں مصر کی بدلتی ہوئی صورت حال پر غور کیا گیا ۔ صدر اوباما نے حسنی مبارک کا خطاب مشی گن سے واشنگٹن جاتے ہوئے اپنے طیارے میں سنا ۔ واشنگٹن پہنچنے کے بعد انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب نہیں دیئے اور نہ ہی کسی سینئر امریکی عہدے دار نے مبارک کے خطاب پر تبصرہ کیا ۔ تاہم سی این این کے مطابق ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ حسنی مبارک کا خطاب وہ نہیں جو امریکی حکومت کو بتایا گیا تھا ۔ فرانس کے صدر نکولس سرکوزی نے کہا کہ اختیارات سے حسنی مبارک کی دست برداری ناگزیر تھی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مصر ایران کی طرز پر مذہبی آمریت کی طرف جانے کے بجائے جمہوریت کی طرف پیش قدمی کرے گا ۔ یورپی یونین کے خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے کہا کہ یہ وقت مصر میں حکومت کی تبدیلی کا ہے ۔ صدر مبارک نے اب تک تیز ترین اور جامع اصلاحات کا راستہ نہیں کھولا ۔ انہیں عوام کے مطالبات اور توقعات پوری کرنی ہوں گی ۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے اقتدار کی فوری منتقلی پر زور دیا اور کہا کہ وہ مصری صدر اور نائب صدر کی تقریروں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔ جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے کہا کہ حسنی مبارک کا خطاب آگے بڑھنے کی امید نہیں ہے ۔ اس تقریر کے بعد عالمی برادری کی پریشانیاں پہلے کے مقابلے میں اور زیادہ ہوگئی ہیں ۔