URDUSKY || NETWORK

ماں بننے کے بعد کایلی جینر کا شادی کرنے کا فیصلہ

60

اپنے ہاں ایک بچے کی پیدائش کے بعد دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی خاتون کا اعزاز حاصل کرنے والی امریکی ماڈل و ٹی وی اسٹار 21 سالہ کایلی جینر نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

کایلی جینر کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش فروری 2018 میں ہوئی تھی اور اطلاعات ہیں کہ وہ دوسری بار ماں بننے کا ارادہ رکھتی ہیں، اس لیے دوبارہ والدہ بننے سے قبل وہ شادی کرنا چاہتی ہیں۔

کایلی جینر اپریل 2017 سے امریکی ریپر و گلوکار 28 سالہ تریوس اسکاٹ کے ساتھ رہ رہی ہیں اور دونوں متعدد بار ایک دوسرے سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔

کایلی جینر کے ہاں فروری 2018 میں پیدا ہونے والی پہلی بچی بھی انہیں تریوس اسکاٹ سے ہوئی تھی اور اطلاعات ہیں کہ اب ماڈل دوسری مرتبہ بھی ماں بننے کی خواہش رکھتی ہیں۔

معروف امریکی میگزین ’پیپلز‘ نے ذرائع سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کایلی جینر اور تریوس اسکاٹ نے اپنے تعلقات کے 2 سال بعد پہلی بار شادی کرنے سے متعلق بات چیت شروع کی ہے۔

دونوں 2017 سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں اور ان کی ایک بچی بھی ہے

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اگرچہ پہلے بھی دونوں اپنے تعلقات کو رشتے میں بدلنے کی باتیں کرتے رہے ہیں، تاہم اب کی بار انہوں نے جلد شادی کرنے سے متعلق باتیں کرنا شروع کی ہیں اور توقع ہے کہ وہ جلد اس حوالے سے اعلان کریں گے۔

جوڑے سے متعلق قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ کایلی جینر اپنی حالیہ زندگی سے بہت خوش ہیں، تاہم ان کی خواہش ہے کہ وہ خاندان کو مزید بڑھائے اور وہ اپنی چھوٹی بیٹی کو بھائی یا بہن دینا چاہتی ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ اگرچہ کایلی جینر اس وقت حاملہ نہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ شادی سے متعلق فیصلہ کرنے کے بعد دوبارہ ماں بننے سے متعلق منصوبہ بندی کریں گی۔

کایلی جینر امریکی ماڈل کنڈیل جینر کی بڑی بہن ہیں، وہ اپنے منفرد فیشن اور ماڈلنگ انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں جانی جاتی ہیں، دنیا بھر کی کم عمر اور نوجوان لڑکیاں ان کے فیشن کو کاپی کرتی ہیں۔

کایلی جینر امریکا کی اداکار فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، وہ کارڈیشین سسٹرز کی سوتیلی بہن ہیں، انہوں نے 9 سال کی عمر سے ریئلٹی ٹی وی شو میں شرکت کرنا شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مشہور ہوگئیں

کایلی جینر فیشن مصنوعات اور میک اپ کا کاروبار بھی کرتی ہیں

کایلی جینر کو امریکی اقتصادی جریدے فوربز نے گزشتہ برس جولائی میں دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی خاتون قرار دیا تھا، اس وقت تک ان کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر تھی۔

کایلی جینر اس وقت سال میں زیادہ کمائی کرنے والی دوسری شخصیت ہیں، فوربز کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں پہلے نمبر پر ٹیلر سوئفٹ اور دوسرے نمبر کایلی جینر ہیں۔

کایلی جینر نہ صرف فیشن کی وجہ سے دنیا بھر کی نوجوان لڑکیوں میں معروف ہیں بلکہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں اور انسٹاگرام پر وہ سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہیں۔