URDUSKY || NETWORK

عمر سلیمان، صدر مبارک، امریکا اور اسرائیل کے بااعتماد ساتھی

86
عمر سلیمان، صدر مبارک، امریکا اور اسرائیل کے بااعتماد ساتھی
قاہرہ…مصر کے نائب عمر سلیمان کو صدارتی اختیارات سونپے جانے کے بعد سب کی توجہ اُن پر مرکوز ہوگئی ہے ۔ حسنی مبارک کا دست راست ہونے کے ساتھ امریکا اور اسرائیل سے بھی ان کے گہرے تعلقات ہیں ۔ عمر سلیمان کا تعلق مصر کے جنوبی صوبے قنا Qina سے ہے ۔ وہ 1936 میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ 1954 میں ملٹری اکیڈمی میں داخلہ لیا اور بعد میں سابق سوویت یونین میں مزید فوجی تربیت حاصل کی ۔ 1962 ، 1967 اور 1973 کی جنگوں میں حصہ لیا ۔ 1993 میں مصر کی طاقتور خفیہ ایجنسی المخابرات کا کنٹرول سنبھال لیا اور اسلام پسندوں کو کچلنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ عمر سلیمان کو صدر مبارک کا سایہ سمجھا جاتا ہے ۔ وہ کئی موقعوں پرصدر مبارک کی جان بچا چکے ہیں۔ ان کی اسی اہمیت کی وجہ سے عوامی تحریک شروع ہونے کے بعد صدر مبارک نے 30 سال کے عرصے میں نائب صدر کے عہدے پر جس پہلے شخص کو مقرر کیا وہ عمر سلیمان تھے ۔ اسرائیل اور امریکا سے بھی ان کے گہرے تعلقات اور رابطے ہیں ۔ وہ مشرق وسطیٰ میں امریکا ، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کا اہم کردار رہے ہیں ۔ گذشتہ دس سال کے دوران اسرائیلی اور فلسطینیوں کے درمیان کئی مرتبہ صلح کراچکے ہیں ۔ وکی لیکس کے جاری کردہ امریکی سفارتی مراسلوں سے بھی امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ان کی قربت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ سن 2008 کے ایک سفارتی مراسلے میں کہا گیا کہ صدر حسنی مبارک کے بعد عمرسلیمان کے اقتدار میں آنے سے اسرائیل کافی مطمئن ہوگا ۔ امریکی جریدے فارن پالیسی نے جنرل عمر سلیمان کو بطور انٹیلی جنس چیف امریکا کا قریب ترین حلیف قرار دیا تھا۔