URDUSKY || NETWORK

عاقل آگانی لوپ بند پر پانی کا شدیددباؤ، لاڑکانہ ڈوبنے کا خطرہ

85

عاقل آگانی لوپ بند پر پانی کا شدیددباؤ، لاڑکانہ ڈوبنے کا خطرہ

حیدرآباد…کوٹری بیراج اور ٹھٹھہ میں اس وقت سیلاب کا شدید دباؤ ہے۔جامشورو، کوٹری اور ٹھٹھہ میں مزید درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ عاقل آگانی لوپ بند پر پڑنے والے کٹاؤ کو ہنگامی بنیادوں پر بھردیا گیا ہے جس کے بعد لاڑکانہ شہر میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ کوٹری بیراج سے اس وقت آٹھ لاکھ نوے ہزار کیوسک سے زائد پانی کا ریلہ گزررہا ہے جبکہ دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث جامشورو، کوٹری اور ٹھٹھہ اضلاع کے مزید درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں اور ان علاقوں میں پانی میں پھنسے ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں۔حیدرآباد شہر میں لطیف آباد نمبر دس اور گیارہ کے قریب کچے کے علاقوں کے بعد سیلابی پانی سرمست ہاؤسنگ اسکیم کی سڑکوں تک پہنچ گیا ہے۔لاڑکانہ میں عاقل آگانی لوپ بند میں پڑنے والے کٹاؤ کو پچاس فیصد سے زائد بھر دیا گیا ہے جس کے بعد لاڑکانہ شہر میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دوسرے علاقوں کو جانے والی پتھروں سے بھری ٹرکوں کو سرکاری اہلکاروں نے پکڑ کر عاقل آگانی لوپ بند کی کٹاؤ پر استعمال کیا جس کے باعث صورتحال بہتر ہوئی۔شہداد کوٹ شہر کو سیلاب سے بچانے کے لیے پتوجا شاخ میں تین کٹ لگائے گئے ہیں جبکہ شہر کے باہر حفاظتی بند کو بھی مزید دو فٹ اونچاکردیا گیا ہے۔ جیکب آباد شہر سمیت شکارپور کا علاقہ سلطان کوٹ نو روز سے پانی میں گھرا ہوا ہے جبکہ دادو مورو روڈ میں شگاگ کے باعث مورو شہر کا زمینی رابطہ بھی مختلف اضلاع سے ایک ہفتے سے منقطع ہے۔ٹھٹھہ میں منارکی ،سورجانی اور سونڈاہلایا بندوں اور نواب شاہ میں منگلی اور میکاروڈھورو بچاؤ بند سمیت ضلع خیرپور میں راضی ڈیرو، ایس ایم سگیوں اور جمشید لوپ بندوں پر سیلابی ریلوں کا شدید دباؤ برقرار ہے۔
جنگ نیوز