سیلاب سے ایک کروڑ76 لاکھ افرار بے گھر ہوئے،شاہ محمود قریشی
جدہ … وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب سے ایک کروڑ 76 لاکھ افرار بے گھر ہوئے جب کہ 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں اورمتعدد سرکاری عمارتیں تباہ ہوگئیں۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جدہ میں جیونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد پر مشکور ہے۔ان کا کہناتھا کہ دنیا بھر سے ملنے والی امداد کی تقسیم کو ہر سطح پر شفاف بنایا جائے گا، یو این او سسٹم کی مد د سے اس عمل کو مزید صاف و شفاف بنانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سیلاب زدگان کے امداد کے لیے اقوام متحدہ نے فعال کردارادا کیا ہے، جس کے باعث فوری طور پر 25 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی امداد جمع ہوئی، 19ستمبر کو جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں مزیدامداد کے لیے ایک اوراپیل کی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث مسئلہ کشمیرکو پسِ پشت نہیں ڈالاگیا، بھارت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کے حامی ہیں، فوٹو سیشن کے قائل نہیں،پاکستان چاہتاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کوبھی مذاکرات میں شامل کیا جائے۔
آن لائن ، جنگ