جھنگ
جھنگ(سید عدنا ن نور )پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی، ٹریفک پولیس جھنگ کے نکے تھانیدار نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس جھنگ میں عرصہ دراز سے تعینات اے ایس آئی چوہدری فہیم نے شریف شہریوں کو بلا جواز تنگ کرنا معمول بنا رکھا ہے۔ اکثر اوقات شہر کے مصروف ترین چوکوں میں کھڑے ہو کر کاغذات چیکنگ کے بہانے سے موٹر سائیکل سواروں سے 100 روپے نذرانہ وصول کرنا وطیرہ بن چکا ہے۔ جبکہ اس دوران اگر ٹریفک بلاک ہو جائے تو موصوف کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی معتبر ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اے ایس آئی چوہدری فہیم اکثر چھٹی کے اوقات میں گرلز کالج چوک میں کھڑا ہو جاتا ہے اور ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے طالبات پر نظریں جمائی جاتی ہیں۔ جھنگ کے عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او جھنگ فاروق مظہر خان اور ڈی ایس پی ٹریفک شیخ عابد غنی سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔
جھنگ (سید عدنا ن نور)ڈی سی او محمد شاہد نیازنے کہا ہے کہ جھنگ کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لئے موجودہ پبلک پارکس اورگرین بیلٹس کو سر سبز وشاداب بنانے کے ساتھ ساتھ نئے پارکوں کے قیام اور دستیاب جگہوں پر شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے ان ترقیاتی اقدامات شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے دوررس نتائج حاصل ہونگے۔انہوں نے یہ بات ڈی پی او پارک میں پودا لگاتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈی پی او فاروق مظہر،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ محمد سہیل خواجہ،اے سی سجاد ظفر گوندل اورٹی ایم او آصف قریشی نے بھی پودے لگائے ۔ڈی پی او پارک پولیس لائن سے ملحقہ ریلوے لائن جھنگ کے ساتھ ساتھ رقبہ پر بنایا گیا ہے جس سے نہ صرف پولیس لائن کا ماحول خوشگوار ہوگا بلکہ ارد گرد کی آبادی کو بھی خوبصورت ماحول میسر آئے گا۔ڈی سی او نے ٹی ایم اے حکام سے کہا کہ وہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور پارک کے قریب کوڑا جمع کرنے یا جانور باندھنے کی حوصلہ شکنی کی جائے اور لوگوں کی سہولت کیلئے کنٹینر رکھوائے جائیں۔انہوں نے پارک کے تحفظ اورشہریوں میں شجرکاری اور پودوں سے محبت کے رحجان کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
جھنگ (بیورورپورٹ)حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈی سی او محمد شاہد نیاز کی ہدایات کی روشنی میں ضلع میں اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں کیخلاف جاری مہم کے سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ روز مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں86چھاپوں کے دوران زائد قیمتیں وصول کرنے والے 22منافع خوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اورانہیں موقع پر ہی12ہزار200روپے کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ڈی سی او شاہد نیا زنے کہاہے کہ اشیائے ضرویہ کہ قیمتیں قابو میں رکھنے کیلئے ناجائز منافع خوروں کیخلاف یہ مہم جاری رہے گی لہذا دکاندار اپنا قبلہ درست رکھیں ۔
جھنگ (بیورورپورٹ)سماجی تنظیم جذبہ کے زیر اہتمام ووکیشنل ٹیکنیکل اداروں سے مختلف ہنر پر مشتمل کورسز پاس کرنے والے باون اداروں کے ذہین طلباء کو ان کے ہنر سے متعلقہ آلات (ٹولز کٹس)کی مفت فراہمی کے سلسلہ میں تقریب آج 25اگست بارہ بجے دن ڈسٹرکٹ کونسل ہال جھنگ میں منعقد ہوگی ۔معروف سماجی وکاروباری شخصیت انور ملک بطور مہمان خصوصی ہنر مندوں میں ٹولز کٹس تقسیم کرینگے تقریب کے میزبان سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول ہیں۔