URDUSKY || NETWORK

بریکنگ نیوز : – اردو سکائی اخبار 4 ستمبر 2010 | Urdu News | پاکستانی کرکٹرز نے مظہر مجید سے پیسے لینے کا اعتراف کر لیا

123

پاکستانی کرکٹرز نے مظہر مجید سے پیسے لینے کا اعتراف کر لیا

لندن…پاکستانی کرکٹرز نے مظہر مجید سے پیسے لینے کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کاکہناہے کہ مظہر مجید کھلاڑیوں کاایجنٹ تھا، جبکہ کھلاڑیوں سے رقم ملنے کایہ مطلب نہیں کہ وہ مجرم ہیں ،کھلاڑیوں کواسپانسرشپ کی مد میں بھی معاوضہ ملتاہے۔جیونیوز سے بات کرتے ہوئے تفضل رضوی نے کہاکہ کھلاڑی رضاکارانہ طور پر تفتیش کیلئے گئے تھے ،انہیں بلایا نہیں گیا تھا،ان سے جو پوچھا گیا اس کا انہوں نے تفصیلی جواب دیا۔تفضل رضوی نے کہاکہ کسی کے پاس سے رقم ملنے کایہ مطلب نہیں کہ وہ مجرم ہے، کھلاڑیوں کو اسپانسرشپ کی مد میں بھی پیسے ملتے ہیں ،کھلاڑی مختلف اداروں کے ملبوسات استعمال کرتے ہیں ،مختلف تقریبات میں شریک ہوتے ہیں جس کے عوض انہیں معاوضہ ملتا ہے۔پی سی بی کے قانونی مشیر نے بتایاکہ کھلاڑیوں کاکہناہے کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ مظہرمجید کسی غیرقانونی کام میں ملوث ہے،کھلاڑیوں کے ایجنٹ سے جوکنٹریکٹ تھے وہ انہوں نے تفتیش کے دوران پیش کئے۔تفضل رضوی نے کہاکہ کھلاڑیوں کو عارضی طورپر معطل کیاگیاہے، اورانہیں انفرادی طورپر جواب داخل کرنا ہوگا۔

دی نیوز کے رپورٹرعمرچیمہ کا اغوا ،نامعلوم افراد کا تشدد

اسلام آباد….دی نیوزانویسٹی گیشن سیل کے رپورٹرعمرچیمہ کونامعلوم افرادنے اغواکرکے تشددکا نشانہ بنایا اور ان کا سر مونڈ کر مونچھیں بھی صاف کر دیں۔اغوا کاروں سے رہائی ملنے کے بعد عمر چیمہ نے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ انہیں کچھ افراد نے اسلام آبادکے بلاک آئی 8کے علاقے سے اغوا کیا اور45سے 50منٹ کے ڈرائیو کے بعد مجھے کسی نامعلوم مقام پرلے گئے،مجھے6گھنٹے تک حبس بیجا میں رکھا گیااور مسلسل تشدد کرتے رہے ،مجھے برہنہ کر کے الٹا لٹکا کر بھی تشدد کیا گیا، سحری کے وقت بھی تشدد کا نشانہ بناتے رہے ۔اغوا کاروں نے کہا کہ حکومت کیخلاف خبریں شائع کر کے مارشل لا لگوانا چاہتے ہو۔عمر چیمہ نے کہا کہ اغوا کاروں نے دھمکی دی ہے کہ باز نہ آئے توانصار عباسی اگلا ہدف ہونگے۔اغوا کارمیری ممکنہ گوجرانوالہ آمد سے بھی باخبر تھے۔

پنجاب: انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات2010 کے نتائج کا اعلان

لاہور…پنجاب کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے سالانہ امتحانات 2010 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ملتان بورڈ کے نتائج کے مطابق امتحانات میں 59 ہزار 210 امیدواروں نے شرکت کی ۔ 29 ہزار 381 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 49.10 فیصد رہا۔ مجموعی طور پر سروج احمد نے1036 نمبر لے کر پہلی پوزیشن، ثمینہ رباب نے1023 نمبر کے کر دوسری اور یمنہ عصر اور سعدیہ حسن نے1022 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔بہالپورمیں37 ہزار420 امیدواروں میں سے18 ہزار220 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب48.69 فیصد رہا۔ محمد انیق اسلم نے 1040 نمبر لے کر پہلی،اسامہ محبوب نے1025 نمبر لے کر دوسری اور محمد عاصم ظہور نے1022 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔فیصل آباد بورڈ کے مطابق68 ہزار22 امیدواروں میں سے38 ہزار786 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب57.02 فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق علی حسن نے 1037 نمبر لے کر پہلی، لائبہ نے1028 نمبر لے کر دوسری اور حسان افتخار نے1023 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔گوجرانوالہ میں انٹرکے امتحانات میں ایک لاکھ551 امیدواروں نے شرکت۔42 ہزار792 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب42.56 فیصد رہا۔ حمزہ ظفر نے 1026 نمبر لے کر پہلی، امبر وسیم نے1021 نمبر لے کر دوسری اور ہنزہ سکندر نے1019 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ثانوی تعلیمی بورڈ سرگودھا میں انٹرکے امتحانات میں26 ہزار175 امیدواروں نے شرکت کی،13 ہزار995 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب53.47 فیصد رہا۔ عملش بلال گوندل نے1026 نمبر حاصل کر کے پہلی، محمد اویس نے1015 نمبر حاصل کر کے دوئم اور قیصر عباس خان نے1012 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ڈیرہ غازی خان میں انٹر کے امتحانات میں25 ہزار585 امیدواروں نے حصہ لیا ،14 ہزار992 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 59.33 فیصد رہا۔ عائشہ صدیقہ نے1025 نمبر لے کر پہلی، فہد عباس نے1021 نمبر لے کر دوسری اور یاسر حسین نے1019 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سیلاب کی صورت حال پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس پیر کو ہو گا

اسلام آباد…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سیلاب کی صورت حال پر جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے ،وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ملک میں2کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں ،قومی اسمبلی میں سیلاب سے متعلق پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ملک کے79 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان میں سیلاب کرہ ارض کا سب سے بڑا سیلاب ہے ،وزیر اعظم نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی تعداد سونامی، کترینا طوفانوں، ہیٹی اور8 اکتوبر کے زلزلوں کے مجموعی متاثرین سے زیادہ ہے ،وزیراعظم نے کہاکہ چودہ لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں،13 لاکھ گھر تباہ ہوئے،75 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے،وزیراعظم نے کہاکہ سیلاب سے1600 افراد جاں بحق اور2600 افراد زخمی ہوئے ،وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ تین ستمبر تک وزیر اعظم فنڈ میں4 ارب روپے جمع ہوئے ہیں ،وزیراعظم نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاک فوج کی خدمات قابل تعریف ہیں،گیلانی نے کہاکہ پاک فوج نے سیلاب میں پھنسے ہوئے13 لاکھ افراد کو ریسکیو کیا، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا ہے، جبکہ بہت جلد سیلاب کی صورت حال پر ال پارٹیز منعقد ہوگی،وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اہل وطن سے اپیل کرتا ہوں کہ عید سادگی سے منائیں،انہوں نے کابینہ کے ارکان ارکان ،وزرا اور سیاسی رہ نماوں اور کارکنوں سے کہا کہ عید سیلاب متاثرین کے ساتھ منائیں، وزیر اعظم نے صوبائی وزرا اعلیٰ کو حکم دیا کہ اپنے اپنے صوبوں میں بند توڑنے کے متعلق تحقیقات کریں ،انہوں نے کہاکہ سیلاب زدہ گان کے لیے ملنے والی امداد قوم کی امانت ہے ،امداد شفاف طریقے سے خرچ کی جائے گی۔

وہاڑی:ہائی ٹینشن تار گرنے سے ماں، بیٹااور بیٹی جاں بحق

وہاڑی…وہاڑی کے دیہات میں واپڈا کی گیارہ سو کے وی کی تار اچانک ٹوٹنے سے خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں میں مقیم ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق چک نمبری127 مراد چشتیاں کے رہائشی ایک خانہ بدوش کی جھونپڑی پر گرنے والی گیارہ سو کے وی کی تاروں نے جھونپڑی میں مقیم ایک حاملہ خاتون ، اسکے17 سالہ بیٹے اور چار سالہ بیٹی کی جان لے لی جبکہ کھیتوں میں بندھی ہوئی اعلیٰ نسل کی18 گائیں بھی موقعے پر ہلاک ہوگئیں ۔ خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں میں سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کی نذیراں بی بی اسکا سترہ سالہ بیٹا محمد مظہراور چار سالہ بیٹی مانی بی بی بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے ساتھ کھیتوں میں بندہی ہوئی18 گائیں بھی تاریں گرنے سے ہلاک ہوگئیں جبکہ کچھ جانور رسے تڑوا کر بھاگ گئے۔

غیرملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں79 لاکھ ڈالر کے شیئرز خریدے

کراچی…غیرملکی سرمایہ کاروں نے اس ہفتے پاکستانی اسٹاک مارکیٹس میں 79 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے۔ نیشنل کلیئرنگ کمپنی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس ہفتے بھی غیرملکی سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹس میں خریدار کی حیثیت سے نظر آئے اور انہوں نے مارکیٹ میں مجموعی طور پر79 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے۔ اسطرح گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس ہفتے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹس میں تیس فیصد سے زائد مالیت کے شیئرز خریدے۔ گذشتہ ہفتے ان کی جانب سے61 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کیے گئے تھے۔

قلات میں نیٹوکو تیل سپلائی کرنیوالے تین ٹینکرزنذرآتش

قلات …بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم افرادنے نیٹوکو تیل سپلائی کرنے والے تین ٹینکرزکونذرآتش کردیا۔پولیس کے مطابق قلات کے علاقے منگچرمیں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کراچی سے کوئٹہ آنے والے نیٹوفورسزکوتیل سپلائی کرنے والے ٹینکرزپر فائرنگ کر دی جس سے ٹینکرز میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ساراتیل بہہ گیاتاہم فائرنگ سے ٹینکرزکے ڈرائیور اور کلینرز معجزانہ طور پر محفوط رہے۔

ایشو ریہ رائے کی ابھیشک کو کترینہ سے دور رہنے کی ہدا یت

ممبئی…سی ایم ڈی…ایشور یہ رائے نے ابھیشکک بچن کو کتر ینہ کیف سے دور رہنے کی ہدا یا ت جا ری کر د ی ہیں ۔لیکن اپنے شوہر کو یہ ہدایا ت انہوں نے کترینہ سے جلن کی بنا ء پر نہیں بلکہ اس لیے دی ہیں کیو نکہ حا ل ہی میں کتر نیہ نے فلم اٹا لین جا ب میں ابھیشک کے ساتھ کا م کی آفر کو ٹھکرا دیا تھا۔ایشور یہ را ئے نے ابھیشک کو مشور ہ دیا ہے کہ وہ بھی دو ستا نہ کے سیکو ئل میں کترینہ کے ساتھ کا م کر نے سے انکارکر دیں ۔ لگتا یو ں ہے کہ سابقہ مس ور لڈ اپنے شو ہر کو اپنے اشار وں پرنچو اناچا ہتی ہیں۔

ایک ماہ کے دوران اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں20 فیصد اضافہ ریکارڈ

کراچی…گذشتہ ایک ماہ کے دوران روز مرہ استعمال کی اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں20 فیصد سے زائد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جو حکومت کی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے جبکہ عوام مہنگائی کی دلدل میں دھنستی چلی جارہی ہے۔جیو نیوز کو ریٹیل مارکیٹ میں مختلف اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں جائزہ رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران چینی68 سے82 روپے فی کلو ، کالا چنا،10 روپے اضافے کے ساتھ70 روپے، سفید چنا10روپے اضافے کے ساتھ100روپے ہوگئی جبکہ سب سے زیادہ اضافہ مونگ دال کی قیمت میں ہوا اور یہ30 روپے اضافے کے ساتھ170 روپے فی کلو ہوگئی۔چاولوں کی قیمتوں میں پانچ سے10 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ریٹیل مارکیٹ نے مزید بتایا کہ ایک ماہ کے دوران فی کلو آٹے کی قیمت2 روپے اضافے کے ساتھ34 روپے، تیل20 روپے اضافے کے ساتھ135 روپے فی لیٹر ، گتے کی پیکنگ میں تیل20 روپے اضافے کے ساتھ735 روپے فی پانچ کلو،پانچ لیٹر والا ٹن پیک30 روپے اضافے کے ساتھ755 روپے جبکہ گھی پانچ کلو ٹن پیک30 روپے اضافے کے ساتھ755 روپے جبکہ پلاسٹک کی پیکنگ میں گھی20 روپے اضافے کے ساتھ735روپے فی5کلو ہوگیا۔

پاکستانی کرکٹرز سے غیر ملکی اکاؤنٹس کی تفصیلات پو چھی گئیں،برطانوی اخبار

لندن…برطانوی اخبارکے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈز نے اسپاٹ فکسنگ الزامات کا شکار فاسٹ بولرمحمدعامر، محمدآصف اوراوپننگ بیٹسمین سلمان بٹ سے پانچ گھنٹے تفتیش کی ۔رپورٹ کے مطابق تینوں کھلاڑیوں سے سوئس اوربرٹش اکاؤنٹس کے بارے میں پوچھا گیا،تحقیقات کے دوران سلمان بٹ نے بتایا کہ ان کے پاس سے جو رقم ملی وہ انہوں نے بہن کے جہیز کے لیے رکھی تھی ، محمدآصف نے بتایا کہ سلمان بٹ نے انہیں مظہرمجید سے ملوایا تھا، محمدعامر سے لارڈز ٹیسٹ سے ایک رات قبل مظہرمجید کو کی گئی فون کال کے بارے میں پوچھا گیا جبکہ ان سے بک میکر کو کیے گئے ایس ایم ایس سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی گئی ۔اخبار کے مطابق تینوں کھلاڑیوں نے خود کو بے گناہ قراردیاہے۔

گامے شاہ خود کش حملے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا،تعداد40ہو گئی

لاہور…لاہورخودکش دھماکوں میں زخمی ہونے والا مقامی صحافی علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے ساتھ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد40 ہوگئی۔علی رضا مقامی اخبار کا رپورٹرتھا اور یکم ستمبر کویوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جلوس کی کوریج کررہا تھا کہ امام بارگاہ گامے شاہ اور بھاٹی گیٹ کے سامنے ہونے والے پے در پے تین خود کش دھماکوں میں زخمی ہواجس کے بعد علاج کی غرضسے میو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دو روز تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملاجس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔

جڑواں شہروں میںآ ندھی اور بارش،درخت اور سائن بورڈ اکھڑ گئے

اسلام آباد…وفاقی دارالحکومت ، اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راول پنڈی میں آج علی الصبح تیز آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی جس نے کئی درخت اور اشتہاری سائن بورڈز اکھاڑ دئے۔دونوں شہروں کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جبکہ دن کے آغاز پر اس میں اچانک شدت آگئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق چلنے والی آندھی کی رفتار تقریبا نوے کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ اسلام آباد میں24 اور راول پنڈی میں41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، آندھی کے باعث کئی مقامات پر درخت ٹوٹ گئے اور بعض تو جڑوں سے اکھڑے ہوئے نظر آئے ، چند مقامات پر اشتہاری سائن بورڈز گر گئے اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں، آندھی کی شدت اتنی زیادہ تھی کی اسٹریٹ لائٹس کے کھمبے بھی گرے ہوئے نظر آئے۔

چینی کے استعمال سے شیر خوار بچوں میں درد ختم نہیں ہوتا،تحقیق

لندن…فارن ڈیسک…چینی کے استعمال سے شیر خوار بچوں میں درد ختم نہیں ہوتا۔برطانوی جریدے The Lancet کے مطابق نوزائیدہ بچوں کے طبی معائنے کے لیے خون کے نمونے لینے کے دوران درد سے وہ اپنی ایڑیا ں رگڑتے ہیں۔برطانوی تحقیق کے مطابق خون لینے کے بعد درد کو ختم کرنے کے لیے بچوں کو شوگر کھلائی جاتی ہے جس سے بچے کے چہرے کے تاثرات بدل جاتے ہیں لیکن یہ ضروری نہیں کہ ان کے دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں درد کی علامات ختم ہو جاتی ہیں۔2001میں بچوں میں درد ختم کرنے کے لیے ڈاکٹروں کے لیے بین الاقوامی سفارشات میں کہا گیا تھا کہ بچوں کو شوگر کی دوا دی جائے۔

کوئٹہ خود کش دھماکا،18گھنٹے گزرجانے کے باوجودمقدمہ درج نہ ہو سکا

کوئٹہ…کوئٹہ کے علاقے میزان چوک پرہونے والے خودکش حملے کیخلاف شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ واقعہ کو18گھنٹے گزرجانے کے باوجودمقدمہ درج نہیں کیاجاسکا۔کوئٹہ میں یوم القدس کی ریلی پر خود کش حملہ کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے شہر کے اہم کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم دکھائی دے رہا ہے، حکومت نے کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے کیلئے اسکول، کالج سمیت تمام تعلیم ادارے بند کر دیئے ہیں۔ پولیس نے میزان چوک یوم القدس کی ریلی پر خود کش حملہ کو اٹھارہ گھنٹے گزرجانے کے باوجودواقعہ کامقدمہ درج نہیں کیاجبکہ پولیس پارٹیوں نے شہرکے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

35سال عمر کے بعد نشاستے دار غذاؤں سے پرہیز کریں،ماہرین

لندن…جنگ نیوز…طبی ماہرین نے کہا ہے کہ نشاستہ دار غذاؤں سے خون میں شکر کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو خون کو گاڑھا کر کے عارضہ قلب کے امکانات کو65 فیصد تک بڑھا سکتی ہے،35 سے 60 سال کی عمر کے درمیان خاص طور پر نشاستہ دار غذاؤں سے پرہیز لازمی ہے۔ مختلف انسانی غذاؤں پر کی جانے والی ایک جدید تحقیق میں نشاستہ دار غذاؤں کے گروپ سے وابستہ بیماریوں میں دل کا مرض سب سے نمایاں رہا۔ ان غذاؤں کی وجہ سے 30 سے 90 منٹ میں خون کے اندر شکر کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ ماہرین نے کہاہے کہ ایسی خوراکوں کے بعد معدے میں جلن، بھاری پن یا طبعیت میں سستی طاری ہونا اس عمل کی ایک واضح علامت ہے۔ جن لوگوں کویہ علامات لاحق ہوں ان کوفوری طور پر پھل اور سبزیوں کے استعمال پر توجہ دینی چاہیے۔

محمد عامر اور محمد آصف کے نام آئی سی سی ایوارڈز لسٹ سے خارج

لندن … غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستانی بالرز محمد عامر اور محمد آصف کے نام اپنی سالانہ ایوارڈز لسٹ سے خارج کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق انترنیشنل کرکٹ کونسل کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ میچ فکسنگ الزامات کے پیش نظر ایوارڈز کیلئے دونوں کھلاڑیوں کی نامزدگی واپس لے لی گئی ہے۔ اور جیوری کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ آئی سی سی ترجمان نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ محمد عامر کو سالانہ آئی سی سی ایوارڈز کی ابھرتے ہوئے بہترین کھلاڑی اور محمد آصف کو بہترین کرکٹر کی کٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔ اعزازات کی تقریب پیر کو بھارت کے شہر بنگلور میں ہوگی۔

دبئی میں اسلام قبول کرنے کی شرح میں واضح اضافہ

دبئی سٹی…سینٹرل مانیٹرنگ…بلند و بالا عمارتوں اور شان دار طرزِ زندگی کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور دبئی کی آبادی تیزی سے اسلامی تعلیمات کی طرف راغب ہورہی ہے۔تفریحی مقامات اور لیٹ نائٹ پارٹیز کے مسکن دبئی میں اسلام قبول کرنے کی شرح میں بتدریج اضافہ دیکھا جارہا ہے اور پچھلے14سالوں میں اب تک 13ہزار سے زائد افراد اسلامی تعلیمات کی طرف مائل ہوکر اسلام قبول کرچکے ہیں۔دبئی میں اسلامک افےئرز ڈپارٹمنٹ کے نیو مسلمز سیکشن کے سربراہ کے مطابق 1996سے2010تک 72قومیتوں کے13ہزار946افراد مسلمان ہوچکے ہیں۔ اس شرح میں2005سے2009کے عرصے میں زیادہ اضافہ ہوا اور تقریباً10ہزار450افرادمسلمان ہوئے جن میں سے زیادہ تر مسلمانوں نے مقدس مہینے رمضان میں یہ شرف حاصل کیا۔

دنیا کو آب و ہوا کی بے ہنگم تبدیلیوں کا خطرہ ہے،انتباہ

پیرس…جنگ نیوز…سائنسدانوں نے متنبہ کیا ہے کہ دنیا بھر کو بے ہنگم ماحولیاتی و آب و ہوا کی تبدلیوں کے خطرہ کا سامنا ہے جبکہ آب و ہوا میں تبدیلیوں کا عمل ماہرین کے اندازوں سے بھی زیادہ تیزی سے جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سمندروں کے درجہ حرارت، سمندروں کی بلندی، آب و ہوا کی شدید تبدیلیوں اور آرکٹیک میں برف پگھلنے کے عمل میں تیزی جیسے واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ آب و ہوا میں تبدیلیوں کا عمل دو سال قبل لگائے گئے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔ سائنسدانوں نے انتباہ میں آب و ہوا کی تبدیلیوں پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

بچے کی اعصابی و دماغی نشونما کے لیے مچھلی ضروری ہے،ماہرین

دہلی…فارن ڈیسک…بچے کی اعصابی و دماغی نشونما کے لیے مچھلی کا استعمال بہت ضروری ہے۔بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ماں کے دودھ کے بعد بچے کے اعصاب ،دماغ اور آنکھوں کی نشونما کے لیے ’اومیگا 3ایسڈ‘ کی اشد ضرورت ہوتی ہے جو صرف مچھلی میں وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ سائنسی جرنل کے مطابق مچھلی کے بہت سے فوائد ہیں اور یہ دماغی بیماریوں کو روکنے میں بھی کا م آتی ہے۔
بشکریہ
جنگ، اے آر وائے