URDUSKY || NETWORK

اچھی نیت کا حامل کوئی شخص حکومت گرانے کا نہیں سوچ سکتا،صدر زرداری

77

اچھی نیت کا حامل کوئی شخص حکومت گرانے کا نہیں سوچ سکتا،صدر زرداری

اسلام آباد. .. .. . . . .صدر آصف علی زرداری نے خبردار کیا ہے کہ بدترین سیلاب کی تباہ کاری کے اثرات سے نکلنے میں کم از کم تین سال لگ سکتے ہیں۔ نقصانات اتنے زیادہ ہیں کہ مکمل بحالی میں کافی عرصہ لگ سکتاہے۔اچھی نیت کا حامل کوئی شخص حکومت گرانے کا نہیں سوچ سکتا اور موجودہ بحرانوں سے صرف جمہوری حکومت ہی نمٹ سکتی ہے ۔اسلام آباد میں غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بدترین بحران کا اثر شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن پر نہیں پڑے گا۔ تاہم سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال سے انتہاپسند اور دائیں بازو کی قوتیں فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔ جو چاہتے ہیں کہ ریاستی ڈھانچہ ناکام ہوجائے تاکہ وہ اپنے مفادات حاصل کرسکیں۔ بے نظیر بھٹو کوشہید کرنے کا مقصد صرف مستقبل کی وزیراعظم سے چھٹکارا پانا نہیں تھا بلکہ محترمہ کی شخصیت ہی ان کے نظریات کیلئے چیلنج تھی۔ ایک سوال پرصدر زرداری نے کہا کہ سیلاب کے دوران ان کے غیر ملکی دورے پر تنقید اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ ان کی ملک کے اندر موجودگی کتنی ضروری سمجھی جاتی ہے۔ انھوں نے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری کی امداد کا خیر مقدم کیا۔ مگر ساتھ ہی کہا کہ امریکا پاکستانی عوام کے دل و دماغ جیتنے کیلئے کپاس کی برآمدات پر ٹیرف میں کمی اور مارکیٹ تک رسائی سمیت مزید اقدامات کرے۔ صدر کا کہنا تھا کہ نقصانات اور تباہی کی وجہ سے لوگوں میں غصہ پیدا ہونا فطری ہے۔ کیونکہ وہ توقع کرتے ہیں کہ انھیں وہ سب کچھ واپس مل جائے جو کھوچکے ہیں۔ تاہم حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ جبکہ لوگوں کو مستقل میں آنے والے سیلابوں سے بچانے کیلئے بھی کام کررہے ہیں۔
آن لائن