URDUSKY || NETWORK

الطاف حسین نے ملک و فوج کے وقار کو نقصان پہنچایا، گیلانی

86

الطاف حسین نے ملک و فوج کے وقار کو نقصان پہنچایا، گیلانی

حیدرآباد’اسلام آباد(وقائع نگار ‘نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ایسے بیان دینے سے گریز کرنا چاہئے تھا جس سے ملک کا نقصان ہو ‘وزیراعظم اپنے طیارے میں حیدر آباد جاتے ہوئے اخباری نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ بعض عناصر نے سیلاب کے فوراً بعد غیر ملکی امداد کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی بین الاقوامی ساکھ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور بین الاقوامی برادری کو اس پر پورا اعتماد ہے اسی وجہ سے اب تک بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں نے ساڑھے 7 ارب ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بین الاقوامی برادری کو سیلاب کے بارے میں مکمل اطلاعات نہیں تھیں اب حکومت نے سفارتخانوں کے ذریعے تمام ممالک کو سیلاب کی تباہ کاریوں کی تفاصیل مہیا کر دی ہیں اور سیلاب کے نقصانات کے ازالے کیلئے اور متاثرین کی امداد کیلئے بین الاقوامی امداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ بعدازاں حیدرآباد ایئرپورٹ پر گفتگو کے دوران وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سندھ کے متاثرہ اضلاع کیلئے فی ضلع 5 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا انہوںنے کہا کہ اس مصیبت کی گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑینگے حکومت متاثرہ افراد کے مسائل سے با خبر ہے انکی خوراک اور بجلی کی سہولیات فراہم کی جائینگی۔ وزیراعظم نے سندھ کے متاثرہ اضلاع کیلئے پانچ کروڑ فی ضلع اور فی خاندان 20ہزار روپے دینے کا اعلان کیا 20ہزار روپے میں سے 5ہزار روپے فی خاندان عید سے قبل ادا کئے جائینگے انہوںنے کہاکہ حکومت جتنی مدد کرسکتی ہے ‘ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سیلاب اوربارشوں سے تباہی پھیلی ہے اورسیلاب سے نمٹنے کیلئے حکومت نے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی ،انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے فضائی جائزے کے دوران دیکھا کہ کئی متاثرین اب بھی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں محفوظ مقام پرمنتقل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت سندھ میں متاثرین کیلئے ٹینٹ، ادویات،خشک راشن اورصاف پانی کی ضرورت ہے اس لئے صوبائی وضلعی حکومت کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو فوری طور پرضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پوری دنیا نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اورپاکستانی قوم بھی اس مشکل کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کی جذبے کے ساتھ امداد کررہی ہے اور بحیثیت پاکستانی قوم جب تک ہم میں جذبہ برقرار ہے ہم کسی معاملے میں شکست نہیں کھاسکتے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے ہماری توقعات سے بڑھ کر امداد دی ہے اوروہ عالمی برادری کے اس تعاون پرمطمئین ہیں، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کے باعث توڑی بند میں پڑنے والے شگاف کے بعد بلوچستان میں پانی کے اخراج پرسندھ اوربلوچستان کے مابین جوتناؤ پیدا ہوا ہے اسے جلد ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ٹوڑی بند اگر ٹو ٹا ہے تو صوبائی حکومت اس کی تحقیقات کراسکتی ہے جس صوبہ میں بھی بند وں میں شگاف پڑے ہیں وہاں اگر ضرورت محسوس کرے تو صوبائی حکومت تحقیقات کرائے۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میںوزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیلاب پر سندھ میں ہی نہیں پنجاب میں بھی سیاست ہورہی ہے سیلاب متاثرین کیلئے حکومت کی پہلی ترجیح ریسکیو ، دوسری ریلیف جبکہ تیسری کوشش بحالی ہے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے اندازے کے بارے میں ورلڈ بینک اور ایشیا بینک رپورٹ دینگے انہوں نے کہاکہ نواز شریف سے میرے بہت اچھے تعلقات ہیں ہم نے نواز شریف کی تجاویز کو مسترد نہیں کیا اور انہوں نے مجھے کمیشن کیلئے دس نام دیئے تھے کمیشن پر اتحادیوں کے خدشات تحفظات تھے میری اتحادیوں سے بات چیت ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے ورلڈ بینک اور ایشیا بینک رپورٹ دینگے رپورٹ آنے میں تین سے چار ہفتے لگیں گے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے خود اٹھارہویں ترمیم اور جمہوریت کی حمایت کی تھی اب ان کا مارشل لاء کی حمایت میں بیان دینا سمجھ سے بالاتر اور افسوسناک ہے۔ اس سے پاک فوج کے وقار کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے پوری دنیا سے امداد آئی ہے امداد دینے والوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیاانہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے بھی بند توڑے ہیں ان کو سزا ملنی چاہیے انہوں نے کہا کہ عوام تمام تر رکاوٹوں کے باوجود سیلاب متاثرین کی مدد کررہے ہیں آئی ڈی پیز کے فنڈز میں غلط استعمال کا الزام لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی اعتماد کا کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم بعض عناصر پاکستان کیلئے بیرونی امداد کو رکوانا چاہتے ہیں لیکن یہ امداد ہم نہیں رکنے نہیں دیں گے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کی ساکھ کومتاثر کیا جارہا ہے ہمیں ایسی بات نہیں کرنی چاہئے جس سے ہماری ساکھ متاثر ہو انہوں نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کی قدر کرتا ہوں ان کی تجاویز کو مسترد نہیں کیا بلکہ ان کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہیں کونسل کیلئے صوبوں میں نامزدگیوں کا انتظار ہے صوبوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم کونسل تشکیل دی جائے انہوں نے کہا کہ دہشت گر
دی کے خلاف پاکستانی فوج اور پاکستانی عوام نے بہت تعاون کیا ہے۔ دریںاثناء اسلام آباد میں ترکمانستان کے نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ رشیدمیر جدون سے گفتگو کرتے ہوئے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ترکمانستان ‘افغانستان’ پاکستان ‘بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کی بڑھتی ہوئی قلت پر قابو پانے کیلئے گیس پائپ لائن منصوبہ بلاتاخیر مکمل کرنے کا خواہاں ہے، امید ہے کہ ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاسوں کے ذریعہ افغانستان میں گیس پائپ لائن کی سکیورٹی، گیس کی مسلسل فراہمی کی ضمانت، منصوبہ کیلئے فنڈز کی دستیابی اور دوسرے فنی امور جلد طے کر لئے جائیں گے۔ ترکمانستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ رشید میریدوف نے وزیراعظم کو اپنے ملک کے صدر کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے ہمدردی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کی حکومت پاکستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مناسب امداد کی فراہمی پر غور کر رہی ہے اور یہ امداد ان کی وطن واپسی کے فوری بعد اشک آباد سے پہنچ جائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ ترکمانستان کی حکومت ٹی اے پی آئی گیس پائپ لائن منصوبے میں شامل ممالک کے رواں سال دسمبر میں اشک آباد میں ہونے والے سربراہ اجلاس کیلئے ایجنڈے کی تیاری اور طریقہ کار پر غور کیلئے ستمبر کے وسط میں سٹیئرنگ کمیٹی کا 11واں اجلاس طلب کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ترکمانستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی شدید تباہی کیلئے ہمدردی کے جذبات کا اظہار کرنے پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کو ان کی طرف سے شکریہ کا پیغام پہنچا دیں۔
بشکریہ اوصاف