اردو سکائی اخبار – 14 اکتوبر 2010
جسٹس (ر) دیدار کی بطور چیئر مین نیب تقرری سپریم کورٹ میں بھی چیلنج
اسلام آباد/کراچی …جسٹس ریٹائرڈ دیدار علی شاہ کے بطور چیئرمین قومی احتساب بیورو، تقرر کو سپریم کورٹ مین چیلنج کردیا گیا ہے۔ درخواست گزار شاہد اورکزئی نے اپنی پٹیشن میں کہا ہے کہ نئے چیئرمین کا تقرر قومی اسمبلی کی خواہش کے برعکس اور مشاورت کے آئینی اور قانونی تقاضوں کے بغیر کیا گیا ۔ پٹیشن میں یہ بھی کہاگیاہے کہ جسٹس ریٹائرڈ دیدار شاہ کو ہٹا کر عدالتی فیصلوں کی تشریح کے مطابق اور آئینی اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے نیا چیئرمین نیب مقرر کیا جائے۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے دیدار حسین شاہ کی چیئر مین نیب کے طور پر تقرری کیخلاف آئینی درخواست پر وفاقی حکومت دیدار حسین شاہ سمیت دیگر مدعا علیہان کو21اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر قانون خالد انور اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کو عدالتی معاونت کیلئے طلب کرلیا ہے۔سپریم کورٹ کے وکیل رشید اے اخوند نے اپنی آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ کی تقرری اسفند یار ولی کیس اور ڈاکٹر مبشر حسن کیسوں کے مطابق نہیں کی گئی، کیونکہ صدر ایسی تقرری سے پہلے لیڈر آف دی اپوزیشن ، وزیر اعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مشورے کا پابند تھے اور انکا مشورہ ماننا ان کیلئے لازمی تھا۔ ابتدائی دلائل کیس سماعت کے بعد جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس شاہد انورباجوہ پر مشتمل بینچ نے مزید سماعت کیلئے21اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
بشکریہ جنگ