گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل گیا
گلگت ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل گیا، تاہم اس دوران کوئی جانے نقصان نہیں ہوا۔
اسلام آباد سے گلگت آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 605 دوران لینڈنگ رن وے سے کچے میں اتر کر پھسل گئی اور طیارے ایک طرف جھک گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 48 مسافر سوار تھے، جنہیں باحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گلگت ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔
ادھر ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ لینڈنگ کے دوران معمولی طور پر کچے مقام پر پھسل گیا تاہم پائلٹ نے اس پر قابو پالیا۔
ایئرلائنز ترجمان نے بتایا کہ تمام مسافر خیریت سے ہیں اور محفوظ ہیں، سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان نے بتایا کہ گلگت ایئرپورٹ کا رن وے کھلنے کے بعد پی آئی اے کی پرواز پی کے 608 مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ سی او کی جانب سے جاری حکم کے بعد تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹ گراونڈ کر دیئے گئے۔
ساتھ ہی پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت بھی کی ہے۔