URDUSKY || NETWORK

پاکستانیوں سے 40 ارب روپے ناجائز وصول کرنے کا انکشاف

51

 پانچ نجی بجلی گھروں کی جانب سے عوام سے چالیس ارب روپے ناجائز وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس پر سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے پاور نے پانچ آئی پی پیز کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کر دی، اثاثے ضبط اور عوام سے ناجائز وصول کی گئی رقم ریکور کرنے کی سفارش کر دی۔دنیا نیوز کے مطابق سینٹر نعمان وزیر کے زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا اجلاس میں پانچ آئی پی پیز کی جانب سے عوام سے سات سال میں چالیس ارب روپے اضافی اور ناجائز وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا۔اجلاس میں بجلی شعبے کے ریگولیٹر ادارے نیپرا نے پانچ نجی بجلی گھروں کی جانب سے ریٹ آف ریٹرنز میں ناجائز منافع کمانے کی تصدیق کی۔سینیٹر نعمان وزیر کا کہنا تھا کہ عوام سے چالیس ارب روپے اضافی وصول کئے گئے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پانچ آئی پی پیز میں اطلس پاور نے نو ارب، نشاط پاور سات ارب، نشاط چونیہ سات ارب، لبرٹی پانچ ارب اور اٹک جین نے گیارہ ارب روپے عوام سے اضافی اور ناجائز وصول کئے۔کمیٹی نے ان پانچ آئی پی پیز کے خلاف فوجداری کارروائی شروع، اثاثے ضبط اور عوام سے وصول کئے گئے اضافی چالیس ارب روپے ریکور کرنے کی سفارش کی۔