URDUSKY || NETWORK

وزیراعظم کی ولی عہد سے گفتگو

64

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب سے تعلقات کو فروغ دینا پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان اور اس کے مفادات کی حمایت کے لیے ان کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کو پاکستان کا بااعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ان کے ملک کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی طرف سے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے کو بھلا نہیں سکتا۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان شاندار تعلقات کی تعریف کی۔

انہو ں نے مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے تمام شعبوں میں پاکستان کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سعوی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت عرب ممالک سے مضبوط تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

فروری میں سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اسلام آباد پہنچنے پر ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا گیا تھا۔

اپنے دورے میں محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت کے لیے وزیر اعظم عمران خان جیسی قیادت کا انتظار کر رہا تھا۔