URDUSKY || NETWORK

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش

63

ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہیں نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بنیر اور جنوبی وزیرستان میں سیلاب سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں اتوار اور پیر کو تیز بارش کا امکان ہے۔

بارش کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرمپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

کراچی میں گزشتہ 2 روز ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور آنے والے ایک دو روز میں تیز بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں اور گلیوں میں پانی بھرنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو اہلکاروں نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا—اسکرین شاٹ
ریسکیو اہلکاروں نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا—اسکرین شاٹ

دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ میں کراچی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، سکھر میں اتوار اور پیر کو کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے علاقوں قلات، سبی، نصیرآباد، ژوب مکران میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ساتھ ہی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں پشاور، مردان، بنوں، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے منگل کے دوران موسلا دھار بارش سے کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں جبکہ قلات، سبی اور ژوب میں دریاؤں، برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اگر گزشتہ 24 گھنٹوں کی بات کی جائے تو پنجاب، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، ژوب ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات جبکہ مکران، کراچی، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤوں کے ساتھ بارش ہوئی۔

سیلاب سے 2 بچے جاں بحق

علاوہ ازیں ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بنیر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سیلاب سے 2 بجے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق بنیر میں سیلاب سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگا جبکہ واقعے میں دوسرا بچہ زخمی ہوگیا۔

ایک اور واقعے میں جنوبی وزیرستان میں پانی کا ریلہ ایک بچی کو بہا لے گیا۔