ماہ نور بلوچ اور اعجاز اسلم
اداکارہ ماہ نور بلوچ اور اعجاز اسلم طویل عرصے بعد ایک بار پھر آنے والی ٹیلی فلم ’اپنی اپنی لو اسٹوری‘ میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔
’اپنی اپنی لو اسٹوری‘ کی کہانی فائزہ افتخار نے لکھی ہے اور اس کی دیگر کاسٹ میں اظفر رحمٰن، ایاز سموں اور صدف کنول شامل ہیں۔
ٹیلی فلم کی ہدایات کاشف سلیم دیں گے، جنہیں امید ہے کہ فلم شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب جائے گی۔
’اپنی اپنی لو اسٹوری‘ کے حوالے سے ڈان امیجز کو کاشف سلیم نے بتایا کہ فلم کی کہانی رومانٹک کامیڈی ہے جو ’ماموں‘ اعجاز اسلم اور ان کی بھتیجی صدف کنول کے گرد گھومتی ہے۔
ٹیلی فلم کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اعجاز اسلم نے بتایا کہ فلم کی کہانی انتہائی شاندار ہیں اور وہ اس میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ وہ ڈرامے میں ’ماموں‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنی بھتیجی صدف کنول کے اکلوتے پرورش کرنے والے وارث ہوتے ہیں۔
اعجاز اسلم کے مطابق ان کا کردار اپنی بھتیجی کی خاطر شادی سمیت اپنی ہر خوشی کو قربان کردیتا ہے، تاکہ ان کی پرورش بہتر انداز میں ہوسکے۔
اعجاز اسلم نے بتایا کہ ان کا کردار چاہتا ہے کہ ان کی بھیتیجی سے شادی کرنے والا لڑکا ان کا گھر داماد بنے اور گھر کے تمام اصول و ضوابط کو بھی من و عن سے تسلیم کرے۔
ان کے مطابق جب فلم میں ان کی بھتیجی سے اظفر رحمٰن کا کردار محبت کرنے لگتا ہے تو عین اسی وقت ان کی زندگی میں پرانی محبت ماہ نور بلوچ آجاتی ہیں اور فلم میں وہی سے نیا موڑ آتا ہے۔
انہوں نے ٹیلی فلم کی کہانی اور کرداروں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ فلم شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب جائے گی۔
’اپنی اپنی لو اسٹوری‘ کو آئندہ ماہ عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔