URDUSKY || NETWORK

شیخ رشید

43

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس وزیر اعظم کی اجازت سے بند کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ‘فواد چوہدری کو دوسری وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے اور اس کے بارے میں وزیر اعظم سے بات کروں گا’۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے کھوکھرا پار اور موناباؤ کے درمیان چلنے والی تھر ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک میں وزیر ریلوے کے عہدے پر ہوں سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس نہیں چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تھر ایکسپریس کے ٹریک کو تھر کول کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے جو شہری بھارت میں ہیں انہیں کل صبح واپس لے آئیں گے، بھارتی مسافروں کی سیکیورٹی کی گارنٹی نہیں دے سکتے کیونکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرپور خاص سے زیرو پوائنٹ تک آج رات ایک ٹرین جائے گی جس کے ذریعے 200 مسافروں کو میرپور خاص سے زیروپوائنٹ تک چھوڑا جائے گا’۔

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘2 ایٹمی قوتیں آمنے سامنے کھڑی ہوگئی ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘راولپنڈی کی لال حویلی کا سری نگر کے لال چوک سے خون کا رشتہ ہے’۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ‘کشمریوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں اور سلامتی کونسل کی قرار داد کو مذاق بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق زبردست بیان دیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، مودی نے اپنا کام کرلیا اب کشمیری اپنا فیصلہ سنائیں گے’۔