URDUSKY || NETWORK

حکومت کا چیئرمین ایف بی آر کی تبدیلی پر غور

48

اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کی تبدیلی کے بارے میں باتیں ہونے لگیں۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق شبر زیدی کو اس سے بھی بڑا عہدہ دیا جاسکتا ہے جن میں حماد اظہر کے جانے کے بعد وزیر مملکت برائے ریونیو یا پھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو کا عہدہ شامل ہے۔

رابطہ کیے جانے پر چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ‘میں اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتا، وزیراعظم عمران خان اس پر خود فیصلہ کریں گے’۔

واضح رہے کہ شبر زیدی کو رواں برس 10 مئی کو وزیراعظم نے خود چیئرمین ایف بی آر کے تعینات کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کے ایک اور قریبی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وفاقی کابینہ میں دو بڑی تبدیلیوں کے بارے میں غور کیا جارہا ہے، تاہم انہوں نے ان کا نام نہیں بتایا جبکہ اطلاعات ہیں کہ ان میں سے ایک شبر زیدی ہوسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ‘اب تک اس معاملے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعظم آخری لمحات میں بھی تبدیلیاں کرسکتے ہیں، فی الوقت نام ظاہر کرنا مناسب نہیں ہے’۔

وزیر اعظم عمران خان نے ایف بی آر اراکین کے ساتھ شیڈول 10 جولائی کو ہونے والا اجلاس منسوخ کردیا تھا جبکہ اس کے بعد 17 جولائی کو ہونے والا اجلاس بھی منسوخ کردیا تھا۔

چیئرمین ایف بی آر کے ماتحت کام کرنے والے اراکین نے ڈان کو بتایا کہ ان کے اور شبر زیدی کے درمیان کچھ اختلافات ہیں، ان میں سے ایک کا کہنا تھا کہ ‘چیئرمین اراکین کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کرتے، ایف بی آر کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے اراکین کے درمیان عدم اعتماد ہے’۔

ٹیکس ادارے کے اعلیٰ افسران میں تبدیلیوں کے حوالے سے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ‘ہم طویل المدتی منصوبہ بنارہے ہیں اور ہم کسی کا بھی ایڈ ہاک کی بنیاد پر تبادلہ نہیں کریں گے تاہم حتمی فیصلوں تک تمام ٹیکس افسران کو اپنے شیڈول کے مطابق کام کرنا ہوگا’۔

کاروباری برادری نے بجٹ میں اعلان کیے گئے مالی اقدامات پر احتجاج کیا ہے، چیئرمین اور تاجر برادران کے وفد کے درمیان کراچی اور سیالکوٹ میں ملاقات میں شور و غل دیکھا گیا تھا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئیں۔

اطلاعات ہیں کہ انہوں نے بھی اعلیٰ حکام سے شبر زیدی کی تقرری پر رابطہ کیا۔

تاہم ابھی یہ بات واضح نہیں کہ کاروباری برادری میں شبر زیدی کی تقرری کے حوالے سے پایا جانے والا غصہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کو تبدیل کرنے پر غور کرنے کی وجہ بنا یا نہیں۔

کابینہ ڈویژن میں ایک اور ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حکومت ایف بی آر کے چیئرمین کے لیے ایک اور امیدوار تلاش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شبر زیدی کو معاون خصوصی بنانے کے بعد حکومت جہانزیب خان کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے پر بھی غور کرسکتی ہے۔

ان کے مطابق حکومت جہانزیب خان کو سیکریٹری معاشی امور ڈویژن اور کابینہ کے عہدے کی بھی پیشکش کر چکی ہے تاہم انہوں نے دونوں پیشکش مسترد کردی تھیں اور وہ اب بھی وفاقی سیکریٹری کے عہدے پر تعیناتی کا انتظار کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اور اہم امیدوار یونس داغا ہیں جنہیں حال ہی میں سیکریٹری فنانس کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔