حب ڈیم 2020 تک پانی کا ذخیرہ
شہر قائد کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے منیجنگ ڈائریکٹ انجینئر اسداللہ خان کے مطابق حب کے کیچمنٹ علاقے مین برسات سے حب ڈیم کی سطح آب بڑھ گئی ہے اور ڈیم میں پانی کی سطح میں تقریباً 12 فٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔
ایم ڈی کا کہنا تھا کہ حب ڈیم کی سطح آب 308 فٹ ہوگئی ہے اور کراچی کے ضلع غربی کے لیے دسمبر 2020 تک پانی کا ذخیرہ ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ حب ڈیم سے کراچی کے ضلع غربی کے مختلف علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے اور اس کی سطح بڑھنے سے شہر کو درپیش پانی کے مسائل میں کچھ حد تک کمی واقع ہوگی۔
یاد رہے کہ 29 اور 30 جولائی کو کراچی سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی تھی، بارشوں سے شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی تھیں جبکہ ندی، نالوں میں طغیانی سے پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا تھا، جس نے کئی شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور کردیا تھا۔
بارش کے باعث شہر کے رہائشی علاقوں سمیت واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز کی بھی بجلی منقطع ہوگئی تھی، جس سے شہر میں پانی کی کمی کا سامنا ہے۔