پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ
ڈیرہ اسماعیل خان درابن میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دہشت گردوں نے درازندہ موڑ پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر مختلف سمتوں سے حملہ کیا۔پولیس کی بھر پور جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہوگئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں قریب واقع پیٹرول پمپ کا نجی سکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 ملازم سمیع اور پیر محمد جبکہ مسافر کوچ کا کنڈکٹر بنگلو خان زخمی ہوگئے۔ جاں بحق گارڈ کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سمیع زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ پیر محمد اور بنگلو خان زیر علاج ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس چیک پر حملے کے لیے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور ان کی تعداد 8 تھی۔ واقعے کے بعد سب ڈویڑن درازندہ میں ناکہ بندی کر دی ہے جب کہ پہاڑی راستوں پر بھی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔