URDUSKY || NETWORK

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگست میں ملک میں کام کرنیوالے مختلف بینکوں پر 80 کروڑ روپے سے ز ائد کے جرمانے عائد کئے

48

SBP slaps penalties on 10 banks

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگست میں ملک میں کام کرنیوالے مختلف بینکوں پر 80 کروڑ روپے سے ز ائد کے جرمانے عائد کئے ہیں،سٹیٹ بینک نے بینکوں کےخلاف تادیبی کارروائی اور جرمانوں کی تفصیلات مرکزی بینک کی ویب سائٹ پرجاری کردی جس کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ،صارفین کی معلومات اپ ڈیٹ نہ ہونے اور فارن ایکس چینج کے قوانین پرعملدرآمد نہ کرنے پر10 بینکوں پر 80 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔

فہرست کے مطابق حبیب بینک پر32 کروڑ روپے سے زائد کاسب سے بھاری جرمانہ عائدکیا گیا ہے ، حبیب بینک پر صارفین سے غلط سروس چارجز کی کٹوتی کا بھی الزام عائد کیاگیا،بینک کو جرمانے کیساتھ ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے سسٹم میںبہتری لائیں تاکہ دوبارہ ایسا نہ ہو۔دبئی اسلامک بینک پر7 کروڑ 79 لاکھ روپے کاجرمانہ عائدکیا گیاہے۔سلک بینک پر پانچ کروڑ اڑتیس لاکھ سے زائد جرمانہ کیاگیااور ساتھ ہی ہدایت کی گئی ہے کہ بھاری رقوم کی ٹرانزیکشن کی اپنے طورپر انکوائری کریں اور قانون کے مطابق اقدامات کریں۔

اسی فہرست کے مطابق ایم سی بی بینک پر15 کروڑ91 روپے، بینک الفلاح پر پانچ کروڑ ستائیس لاکھ سے زائد، الائیڈ بینک پر تین کروڑ ستائیس لاکھ سے زائد، سندھ بینک پر ایک کروڑ پچاس لاکھ سے زائد، سمٹ بینک پر ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد ، جے ایس بینک پر سات کروڑ سے زائد اور حبیب میٹروپولیٹن بینک پر ایک کروڑ روپے جرمانہ کیاگیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اس اقدام کا مقصد بینکاری نظام میں شفافیت کویقینی بناناہے۔