URDUSKY || NETWORK

طاقتور ترین عالمی رہنما اوباما نہیں ہُوجن تاؤ

124

فوربس میگزین نے چین کے صدر ہوجن تاؤ کو امریکی صدر باراک اوباما کے مقابلے میں دُنیا کی طاقتور ترین شخصیت قرار دیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس مرتبہ بھی طاقتور ترین خاتون قرار پائی ہیں۔

دنیا کی سب سے طاقتور شخصیات کی تازہ فہرست میں فوربس میگزین نے پہلے نمبر پر چینی صدر ہوجن تاؤ کو رکھا ہے، جس سے وہ اب امریکی صدر باراک اوباما کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں، جو گزشتہ برس اس فہرست میں اول نمبر پر تھے۔ اوباما اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔پوپ بینیڈکٹ اور شاہ عبداللہ

یہ فہرست نیویارک میں بدھ کو شائع کی گئی۔ اس میں فوربس نے کہا ہے کہ ہوجن تاؤ کسی بھی رہنما کے مقابلے میں سب سے زیادہ اہم سیاسی لیڈر ہیں، جو ایک ارب 30 کروڑ انسانوں پر ایسا کنٹرول جمائے ہوئے ہیں، جسے ’آمریت کے قریب تر‘ قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ تعداد دُنیا کی 20 فیصد آبادی بنتی ہے۔

اس امریکی میگزین کا کہنا ہے، ’مغربی رہنماؤں کے برعکس، ہوجن تاؤ نے بیوروکریسی اور عدلیہ سے ٹکرائے بغیر دریاؤں کا رُخ موڑا، شہر تعمیر کئے، حکومت کے مخالفین کو جیلوں میں بھیجا اور انٹرنیٹ کو سنسر کیا۔‘

باراک اوباما کو امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں منگل کی شکست کے بعد فوربس کی اس فہرست میں پہلے نمبر سے ہٹا دیا گیا۔  فوربس کا کہنا ہے، ’گزشتہ برس کی طاقتور ترین شخصیت کے لئے یہ وقت زوال کا ہے۔ انہوں نے اقتدار کے پہلے دو برسوں میں وسیع تر اصلاحات متعارف کرائیں، لیکن وسط مدتی الیکشن میں شکست کے باعث باقی ماندہ دو سالوں میں انہیں اپنی پالیسیوں کی منظوری کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

فورس میگزین کی اس تازہ فہرست میں تیسرے نمبر پر خلاف توقع سعوی عرب کے شاہ عبداللہ السعود ہیں، جنہییں اس سلطنت کا ہمہ گیر حکمران قرار دیا گیا ہے، جہاں خام تیل کے سب سے زیادہ ذخائر پائے جاتے ہیں جبکہ مسلمانوں کے دو مقدس ترین شہر بھی اسی ملک میں ہیں۔

اس فہرست میں چوتھے نمبر پر روسی وزیر اعظم ولادمیر پوٹن ہیں جبکہ روسی صدر دمتری میدویدیف 12ویں نمبر پر ہیں۔ فوربس کا کہنا ہے کہ حکومتی ڈور دراصل پوٹن ہی کے ہاتھ میں ہے۔

انگیلامیرکل اور ولادی میر پوٹن

اس فہرست میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن جرمنوں کو حاصل ہے۔ پانچویں نمبر پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم ہیں، جن کا تعلق جرمنی سے ہے۔ فوربس نے انہیں ایک ارب 10 کروڑ افراد کے لئے دنیا کی سب سے اعلیٰ مرتبے والی شخصیت قرار دیا ہے۔ یہ تعداد دنیا کی کُل آبادی کا تقریباﹰ 17 فیصد بنتی ہے۔ ان کے بعد چھٹے نمبر پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل ہیں، جنہیں اس میگزین نے دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار دیا ہے۔ وہ یورپ کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔

ساتویں نمبر پر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون ہیں، آٹھویں نمبر پر امریکہ میں فیڈرل ریزرو نامی مرکزی بینک کے چیئرمین بین برنینکے کو رکھا گیا ہے۔ بھارت میں کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اس فہرست پر نویں نمبر پر ہیں جبکہ مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس دسویں پوزیشن پر ہیں۔