URDUSKY || NETWORK

No one ever proposed me for marriage till today, Salman Khan

61

آج تک کسی لڑکی نے شادی کی پیشکش نہیں کی، سلمان خان

دبنگ ہیرو سلمان خان کو بولی وڈ کا ’کنورا ہیرو‘ بھی کہا جاتا ہے جو 53 سال کے ہوجانے کے باوجود تاحال غیر شادی شدہ ہیں۔

اگرچہ سلمان خان کے 25 سال سے زائد فلمی کیریئر کے دوران ان کا نام متعدد اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا اور وقتا بوقتا ان کی شادی کی خبریں بھی سامنے آتی رہیں۔

تاہم تاحال ان کی محبتیں اور شادی کی چہ مگوئیاں انہیں شادی شخص نہ بنا سکیں۔

گزشتہ چند ماہ سے خبریں تھیں کہ انوشکا شرما، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور نیہا دھوپیا جیسی اداکاراؤں کی شادی کے بعد اب سلمان خان بھی جلد شادی کرلیں گے، تاہم تاحال ایسا نہیں ہوسکا۔

جہاں سلمان خان کے تعلقات کئی اداکاراؤں سے رہے، وہیں یہ خیال بھی کیا جا تا رہا کہ انہیں کئی اداکاراؤں نے شادی کی پیش کش بھی کی ہوگی۔

تاہم اب سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی 53 سالہ زندگی میں آج تک کسی لڑکی نے انہیں شادی کی پیش کش نہیں کی۔

فلم فیئر کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سلمان خان نے بتایا کہ اگرچہ انہیں فلموں میں لڑکیاں شادی کی پیش کش کرتی ہیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔

سلمان خان نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں آج تک انہیں کسی بھی لڑکی نے شادی کی پیش کش نہیں کی۔ اداکار نے وضاحت کی کہ کیوں کہ وہ لڑکیوں کے ساتھ کینڈل ڈنر پر نہیں جاتے، اس لیے لڑکیوں نے انہیں شادی کی پیش کش نہیں کی۔

سلمان خان نے کینڈل ڈنر پر نہ جانے کا سبب بتاتے ہوئے بتایا کہ چوں کہ کینڈل کی روشنی میں انہیں خاص نظر نہیں آتا، اس لیے وہ ڈنر پر نہیں جاتے، کیوں کہ انہیں خدشہ رہتا ہے کہ اگر وہ ایسی دعوت پر گئے تو انہیں نظر نہیں آئے گا کہ وہ کیا کھا رہے ہیں۔

انٹرویو میں سلمان خان نے ایک بار پھر گزشتہ برس پریانکا چوپڑا کی جانب سے فلم ’بھارت‘ میں کام نہ کرنے کے معاملے پر بات کی اور کہا کہ انہوں نے زندگی کی اہم ترین فلم میں کام کرنے سے زیادہ شادی کو اہمیت دی۔

سلمان خان نے پریانکا چوپڑا کی اداکارہ اور محنت کی تعریف کی، تاہم شکوہ کیا کہ انہوں نے ان کے ساتھ اس فلم میں کام کرنے سے انکار کیا، جس فلم میں کام کے لیے وہ ان کی اور ان کی بہن ارپیتا کی منتیں کرتی رہی تھیں۔

سلمان خان نے بھارت میں پریانکا چوپڑا کے بدلے کترینہ کیف کو کاسٹ کرنے والے فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ کترینہ کو اس فلم میں اداکاری کے باعث نیشنل ایوارڈ ملے گا۔

خیال رہے کہ ماضی میں سلمان خان کے ایشوریا رائے سمیت سنگیتا بجلانی اور کئی دیگر اداکاراؤں سے تعلقات رہے۔

سلمان خان کا نام رومانیہ کی اداکارہ 37 سالہ یولیہ وانتور سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے اور چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ ان سے ہی شادی کریں گے، تاہم اس حوالے سے سلمان خان اور یولیہ وانتور نے کوئی وضاحت نہیں کی۔