Kylie Jenner dressed daughter Stormi up as Kylie Jenner
دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی خاتون کا اعزاز حاصل کرنے والی امریکی ماڈل و ٹی وی اسٹار کایلی جینر نے اپنی ایک سالہ بیٹی
اسٹورمی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو شائقین کا توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔
اس ویڈیو میں کایلی نے اپنی بیٹی کو جامنی رنگ کے لباس میں تیار کیا ہوا ہے، جبکہ اپنی محبت دکھانے کے لیے یہ بھی لکھا ہے کہ ‘میں مزید برداشت نہیں کرسکتی’۔
تاہم یہ ویڈیو جس بات کے باعث سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بن رہی ہے وہ یہ اسٹورمی کا لباس اور انداز ہے۔
کایلی نے اپنی بیٹی کو بالکل اس ہی انداز میں تیار کیا جو انداز انہوں نے رواں سال میٹ گالا کے ایونٹ کے دوران اپنایا تھا۔
کایلی جینر نے اپنی بیٹی کو ہیلووین پارٹی کے لیے یہ لک دیا۔
اسٹورمی کی تصاویر اور ویڈیو پر مداحوں نے لکھا کہ وہ اپنی والدہ سے بہتر نظر آرہی ہے، جبکہ کچھ نے کہا کہ وہ سخت مقابلہ دے رہی ہے۔
خیال رہے کہ کایلی جینر نے رواں سال میٹ گالا کے دوران ورساچی برینڈ کا جامنی رنگ کا گاؤن زیب تن کیا تھا۔
ان کے اس انداز کو مداحوں اور فیشن تجزیہ کاروں نے خوب پسند کیا تھا۔
یاد رہے کہ کایلی جینر اور بوائے فرینڈ گلوکار تریوس اسکاٹ کے ہاں اسٹورمی کی پیدائش گزشتہ سال فروری میں ہوئی تھی۔
کایلی جینر امریکی ماڈل کنڈیل جینر کی بڑی بہن ہیں، وہ اپنے منفرد فیشن اور ماڈلنگ انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں جانی جاتی ہیں، دنیا بھر کی کم عمر اور نوجوان لڑکیاں ان کے فیشن کو کاپی کرتی ہیں۔
کایلی جینر امریکا کی اداکار فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، وہ کارڈیشین سسٹرز کی سوتیلی بہن ہیں، انہوں نے 9 سال کی عمر سے ریئلٹی ٹی وی شو میں شرکت کرنا شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مشہور ہوگئیں۔
کایلی جینر کو امریکی اقتصادی جریدے فوربز نے گزشتہ برس جولائی میں دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی خاتون قرار دیا تھا، اس وقت تک ان کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر تھی۔