URDUSKY || NETWORK

اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں پہلی بار پاکستانی فلم کی اسکریننگ

22

بچوں میں غذائی قلت سے جسمانی نشوونما پر مرتب ہونے والے اثرات کے موضوع پر بننے والی پاکستانی فلم تلاش کی نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اسکریننگ ہوئی ہے۔

اس طرح یہ پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے جس کی اسکریننگ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منگل کی شام کو ہوئی۔

اس اسکریننگ کا انعقاد بچوں کے حقوق پر اقوام متحدہ کے معاہدے کو 30 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔

اس فلم کی ہدایات ذیشان خان نے دیں جو اقوام متحدہ میں اسکریننگ کے موقع پر موجود تھے جبکہ اس کی کہانی 3 ایسے میڈیکل طالبعلموں کے گرد گھومتی ہے جن کو صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے ایک گاﺅں میں طبی کیمپ لگانے کے لیے بھیجا جاتا ہے، جہاں انہیں مقامی وڈیروں کی جانب سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے مگر وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دینے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

اس فلم میں مرکزی کردار احمد زیب، فاریہ حسن اور نعمان سمیع نے ادا کیے جبکہ مصطفیٰ قریشی، سلیم معراج، ممتاز کنول اور دیگر نے بھی کام کیا۔

اسکریننگ کے موقع پر ہدایتکار ذیشان خان نے اقوام متحدہ میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر یو این پاکستان کلب کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت، یو این ڈی پی کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے جنہوں نے پاکستانی فلم میں بچوں میں غذائی قلت کے اہم موضوع کو پیش کرنے کو سراہا۔

پاکستان میں اس فلم کو 15 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا جبکہ بین الاقوامی ریلیز بھی جلد کی جائے گی۔