URDUSKY || NETWORK

ایک ارب ڈالر کماتے ہی ہدایت کار نے سیکوئل نہ بنانے کا ارادہ بدل دیا

26

اکتوبر میں ریلیز ہونے والی ڈی سی کامکس کی فلم ‘جوکر’ نے دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز (ایک کھرب 55 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کما کر نئی تاریخ رقم کردی تھی کیونکہ یہ پہلی آر ریٹیڈ فلم ہے جس نے یہ سنگ میل عبور کیا۔

ہولی وڈ اسٹوڈیو وارنر برادرز نے معروف سپرہیرو بیٹ مین کے روایتی حریف جوکر کی زندگی پر مبنی اس فلم کو اکتوبر میں ریلیز کیا تھا اور اب اس نے لگ بھگ ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں ایک ارب ڈالرز کمائے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل فلم کے ہدایت کار ٹوڈ فلپس سے جب فلم کے سیکوئل کے حوالے سے سوال کیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ‘دوسری جوکر بنانے کے حوالے سے ابھی کوئی منصوبہ زیر غور نہیں’۔

تاہم اب ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق فلم کے ایک ارب ڈالر سے زائد کماتے ہی فلم کے سیکوئل کے حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آنا شروع ہوچکی ہیں۔

یہ تو ہمیشہ ہی دیکھا جاتا ہے کہ جیسے ہی کوئی فلم حد سے زیادہ کامیاب ہوتی ہے ہدایت کار اس کا سیکوئل بنا دیتا ہے اور ایسا ہی کچھ ٹوڈ فلپس نے بھی کیا جو اس حوالے سے ڈی سی یونیورس سے بات چیت کررہے ہیں۔

رپورٹس تھی کہ اس سے قبل ٹوڈ فلپس نے ڈی سی یونیورس کے ساتھ مل کر صرف ایک فلم بنانے کا معاہدہ کیا تھا تاہم اب اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ کچھ اور فلمیں بھی اکٹھے بنائیں گے جن میں سے ایک جوکر کا سیکوئل ہوسکتا ہے۔

فلم میں جواکوائین فیونکس نے جوکر کا مرکزی کردار نبھایا — فوٹو/ یوٹیوب اسکرین شاٹ
                             فلم میں جواکوائین فیونکس نے جوکر کا مرکزی کردار نبھایا — فوٹو/ یوٹیوب اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ اس فلم میں جواکوائین فیونکس نے جوکر کا مرکزی ادا کیا ہے جو ایک ذہنی طور پر بیمار تنہا شخص ہیں جو تشدد کے ذریعے شہرت حاصل کرتا ہے۔

تاہم یہ بات اب تک واضح نہیں کہ جواکوائین فیونکس دوبارہ جوکر کا یہ کردار نبھائیں گے یا ان کی جگہ کوئی اور لے گا۔

جوکر فلم کو ناقدین کے ساتھ ساتھ مداحوں نے بھی خوب سراہا تھا۔

یاد رہے کہ اس وقت ڈی سی یونیورس کی فلم ‘بیٹ مین سیکوئل’ پر کام جاری ہے جس میں روبرٹ پیٹنسن پہلی مرتبہ بیٹ مین کے روپ میں نظر آئیں گے۔

اس فلم کو سال 2021 میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ کامیاب فلم ‘ونڈر وومن’ کے سیکوئل پر بھی کام جاری ہے جو اگلے سال ریلیز ہوجائے گی۔